اسلام آباد(آئی این پی) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی پاکستان تحریک انصاف کے ممبر صوبائی اسمبلی خرم لغاری کو منانے میں کامیاب ، وزیر اعظم نے ملاقات کے دوران خرم لغاری کو ان کے حلقہ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر نے کی یقین دہانی کرا دی ، تفصیل کے مطابق پیر کو وزیر اعظم عمران خان سے
وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چوہدری فواد احمد اور وزیر اعلی پنجاب سے ناراضی کا اظہار کرنے والے ممبر صوبائی اسمبلی خرم سہیل خان لغاری نے ملاقات کی ، ایم پی اے خرم خان لغاری نے وزیر اعظم کو اپنے حلقے سے متعلقہ مسائل سے آگاہ کیا، وزیر اعظم نے عوام کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پرحل کرنے کے لیے ہدایات دیں، واضح رہے کہ ایم پی اے خرم لغاری گزشتہ دنوں وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے اپنے اختلافات کا برملا اظہار کر چکے ہیں ، خرم لغاری کی جانب سے متعدد اخبارات کو دئیے گئے انٹرویوز میں وزیر اعلی پنجاب کی پالیسوں سے ناراضگی کا اظہار کیا گیا ، خرم لغاری پنجاب میں پی ٹی آئی کے ناراض گروپ کا دعوی بھی کرتے رہے ہیں جو عثمان بزدار کی پالیسیوں اور اپنے حلقوں کے مسائل کے حل نہ ہونے پر حکومت سے نالاں ہیں ، تاہم گزشتہ روز وفاقی وزیر فواد چوہدری خرم لغاری کو منانے میں کامیاب ہو گئے ، وزیر اعظم سے ملاقات میں خرم لغاری کو ان کے حلقہ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرا دی گئی جس کے بعد خرم لغاری نے وزیر اعلی پنجاب کے خلاف آئندہ بیان بازی نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں