سینیٹ الیکشن، یوسف رضا گیلانی کے جیتنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہو تا،آصف زرداری نے سابق وزیراعظم کو کس کی سپورٹ کے تحت سینیٹ کا ٹکٹ دیا؟ بڑا انکشاف

اسلام آباد (پی این آئی) سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے ’قائداعظم‘ کی سپورٹ سے نامزد کیا ، ان خیالات کا اظہار سینئر تجزیہ کار ظفر ہلالی نے کیا۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آصف

زرداری کو امید ہے کہ وہ قائداعظم کی مدد سے اگر 20 کے فرق کو 10 کردیں تو پھر بھی ان کے لیے ایک قسم کی فتح ہے لیکن یوسف رضا گیلانی کے سینیٹ الیکشن جیتنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔سینئر تجزیہ کار ظفر ہلالی نے کہا کہ اگر یوسف رضاگیلانی سینیٹ الیکشن جیت گئے تو اگلے ہی روز تحریک عدم اعتماد آ جائے گی اور وہ کامیاب بھی ہوگی لیکن ایسا ہو نہیں سکتا کیوں کہ کچھ عرصہ پہلے پی ڈی ایم والوں کے پاس سینیٹ چیئرمین صادق سنجرانی کی بار سیکرٹ بیلٹ میں اکثریت تھی لیکن پھر بھی وہ ہار گئے تھے اس لیے اگر وہ وہاں ہار گئے تو یہاں کیسے جیت سکتے ہیں۔دوسری طرف پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ پر مشتمل اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کو وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کا نسخہ بتادیا گیا ، سینئر تجزیہ کار و صحافی عمران یعقوب خان کہتے ہیں کہ اگر سینیٹ الیکشن میں پی ڈی ایم حکومت اور اس کی اتحادی جماعتوں کے 15 سے 20 رکن توڑنے میں کامیاب ہو گئی تو پھر ان کے لئے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانا اور اس کو کامیاب کرانا بھی نا ممکن نہیں رہ جائے گا ، اس کے لیے اسلام آباد سے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے سینیٹ الیکشن کو متحدہ اپوزیشن کے لیے ایک ٹیسٹ رن قرار دیا جارہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close