کراچی والوں کیلئے بڑی خوشخبری، وزیراعظم عمران خان نے اپنا دیرینہ وعدہ پورا کر دیا

کراچی (پی این آئی) وفاقی حکومت نے رواں برس کراچی میں بھی بس سروس شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ترقی ومنصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ اس سال جولائی یا اگست تک شہر قائد میں گرین لائن بس سروس چل پڑے گی جب کہ گرین لائن کے لیے پروٹوٹائپ بس جلد تیار ہوجائے

گی۔ کراچی میں ایک تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ کراچی ٹرانسفارمیشن پیکج میں بھی پیش رفت ہو رہی ہے ، کیوں کہ کراچی کو اس کا جائز حق دینے کے لیے وفاق اپنی ذمہ داری سے بڑھ کر کام کررہا ہے۔بتایا گیا ہے کہ حکومت نے کراچی گرین لائن منصوبے کیلیے بسوں کی خریداری کا عمل شروع کردیا، گرین لائن کیلیے 80 اور اورنج لائن کیلئے 20 بسیں خریدنے کا معاہدہ ہوگا ،گرونیسز ریڈریسل کمیٹی نے تحریری فیصلہ ایس آئی ڈی سی ایل کو دے دیا، جس کے بعد گرین لائن منصوبے کیلئے بسوں کی خریداری کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کم قیمت پر بسیں فراہم کرنے والی کمپنی کو قانونی پیچیدگیوں کا سامنا تھا، ایس آئی ڈی سی ایل نے زونگ ٹانگ کو لیٹر آف ایوارڈ ارسال کردیا ہے، ذرائع کے مطابق گرین لائن منصوبے کیلیے 80 بسیں جبکہ اورنج لائن منصوبے کیلیے 20 بسیں خریدنے کا معاہدہ ہوگا ، اس ضمن میں ایس آئی ڈی سی ایل کا کہنا ہے کہ چھ ماہ میں گرین لائن اور اورنج لائن بسیں موصول ہوجائیں گی، بسوں کی آمد سے گرین لائن منصوبہ جولائی 2021 تک آپریشنل ہونے کا امکان ہے۔واضح رہے کہ گرین لائن منصوبہ کراچی شہر کیلئے پہلا ماس ٹرانزٹ منصوبہ ہوگا۔ منصوبے کا آغاز 2015 میں ہوا تھا تاہم مختلف وجوہات کی وجہ سے منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل نہ ہو سکا ، لاہور کی اورنج لائن، پشاور بی آر ٹی اور اسلام آباد میٹرو کے منصوبوں کے مقابلے میں قدرے چھوٹا منصوبہ گرین لائن 5 سال کی طویل مدت میں مکمل ہو گا ، تاہم منصوبے کی تکمیل کے بعد شہر قائد کے ٹریفک کے مسائل میں کمی آنے کا امکان ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں