لاہور (پی این آئی ) جہانگیر ترین نے وزیراعظم کیساتھ اپنی وفاداری ثابت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق اپوزیشن جماعتیں تحریک انصاف کے سابق سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کی حمایت حاصل کرنے میں ناکام ہوگئی ہیں۔ جہانگیر ترین شوگر اسکینڈل کی وجہ سے حکمراں جماعت سے دور ضرور ہوئے، تاہم اس کے
باوجود انہوں نے وزیراعظم کیساتھ اپنی وفاداری ثابت کر دی ہے۔اس حوالے سے سینئر صحافی حبیب اکرم کی جانب سے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا گیا کہ تحریک انصاف کے کئی رہنما جہانگیر ترین سے ملے اور اپنے شکوے شکایات کا اظہار کیا۔ تاہم جہانگیر ترین نے ان سب رہنماوں کو بلا امتیاز یہی مشورہ دیا کہ تحریک انصاف کی تمام تر جدوجہد ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے خلاف رہی ہے، لہذا ان دو پارٹیوں سے کسی قسم کا تعاون نہ کیا جائے۔حبیب اکرم کا مزید بتانا ہے کہ ان کی حال ہی میں جہانگیر ترین سے ملاقات ہوئی تھی۔ ملاقات کے دوران ان سے سوال کیا کہ آیا وہ سینیٹ انتخابات کے حوالے سے کوئی کردار ادا کریں گے یا نہیں، اس پر انہوں نے جواب دیا کہ میں پاکستان تحریک انصاف کیخلاف کوئی کردار ادا نہیں کر سکتا۔ ایسا کچھ نہیں کروں گا جس سے لگے کہ میں تحریک انصاف کی توڑ پھوڑ میں شامل ہوں۔چونکہ تحریک انصاف نے 22 سال تک ن لیگ اور پیپلز پارٹی کیخلاف جدوجہد کی، لہذا اگر کوئی ایسی جماعت ہے جہاں ہماری جگہ بنتی ہے، تو وہ تحریک انصاف ہی ہے۔ سینئر صحافی کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین کی غیر حاضری تحریک انصاف کی اندرونی ٹوٹ پھوٹ کا باعث تو بن سکتی ہے، لیکن ترین صاحب خود سے پارٹی کا کوئی الگ دھڑا بنانے کا ارادہ نہیں رکھتے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں