سیاسی منظر کی بڑی خبر، پی ڈی ایم کا مارچ میں سینٹ اور آئندہ عام انتخابات مشترکہ پلیٹ فارم سے لڑ نے کا فیصلہ

پشین (آن لائن )جمعیت علما ء اسلام کے مرکزی جنرل سیکرٹری سینیٹرمولانا عبدالغفور حیدری نے کہاہے کہ ملک کی جمہوری جماعتوں نے مارچ میں سینٹ اور آئندہ عام انتخابات پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے لڑ نے کا فیصلہ کردیا ہے، پی ڈی ایم گزشتہ انتخابات میں بدترین دھاندلی اور ایک جعلی حکومت کے قیام کے نتیجے

میں بنی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشین میں جمیعت علما اسلام کے رہنما حاجی شوکت ترین کی رہائش گاہ پر کلی ملیزئی میں اجتماع سے خطاب کرت ہوئے کیا۔اجتماع سے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات محمدعیسی روشان، عوامی نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر عبدالباری کاکڑ، غیاث باتور، جمیعت علما اسلام کے ضلعی امیر مولانا عزیزاللہ حنفی،پاکستان مسلم لیگ(ن)کے ضلعی صدر سعداللہ ترین، حاجی شوکت علی ترین اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اس موقع پر جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسیع بھی موجود تھے۔مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ گزشتہ ڈھائی سال کے عرصے سے ملک کے عوام پر ایک ناجائز سلیکٹیڈ حکومت مسلط ہے، جنہوں نے ملک کے23کروڑ عوام کے ووٹ پر ڈاکہ ڈال کر ملک کو سیاسی اور معاشی طور پر دنیا بھر میں رسوائی کا شکار بنا دیا ہے، انہوں نے کہا کہ ملک کی تمام جمہوری اور عوام میں نفوذ کے حامل سیاسی قوتیں پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ کے پلیٹ فارم پر غیرجمہوری اور جعلی مینڈیٹ کے حامل حکمرانوں کے خلاف یکجا ہوگئی ہیں، جس کا واضح ایجنڈا ان غیرجمہوری عناصر سے نجات حاصل کرکے ایک جمہوری اور عوامی حکمرانی کا قیام ہے، انہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈھائی سال کے عرصے میں جعلی حکمرانوں نے ملک کا ستیاناس کردیا ہے، انہوں نے کہا کہ پی ڈی

ایم کے پلیٹ فارم سے ہم نے ضمنی اور سینٹ کے انتخابات مشترکہ طور پر لڑنے کا فیصلہ کیا ہے، انہوں نے کہا کہ سیاسی طور پر ہمارے مختلف نظریات ہیں، قبل ازیں ہم ایک دوسرے سے بہت دور تھے لیکن 2018 کے انتخابات میں جس طرح ملک کے جمہوری جماعتوں کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا اس نے ہمیں پی ڈی ایم کی صورت میں قومی سطح پر ایک پلیٹ فارم پر یکجا کردیا۔ انہوں نے کہا کہ 2018 میں تاریخ کا سب سے بڑا جبر، ظلم اور دھاندلی ہوئی جسے ہم تسلیم نہیں کریں گے۔اس بدترین ڈاکہ زنی اور دھاندلی کے نتیجے میں جو جعلی حکومت قائم ہوئی اسے ہم نے قطعی طور پر تسلیم نہیں کیا ہے۔اس رائے اور بیانئے کی روشنی میں جمیعت علما اسلام نے پورے ملک میں پندرہ ملین مارچ کا انعقاد کرکے عوام کو جعلی حکمرانوں سے نجات کا راستہ دیکھایا۔لوگوں کو پتہ چلا کہ یہ حکمران منتخب نہیں ہے، بلکہ جعلی اور سلیکٹیڈہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ریاستی شعبہ جات کو تباہ کیا گیا،چاہے صحت ہو، تعلیم اور زراعت ہو، اسی طرح حکمرانی کو سخت نقصان پہنچاتے ہوئے ملک کو معاشی طور پر گروی رکھ دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ قبل ازیں یہ کہا گیا تھا کہ جب ہماری حکومت آئے گی تو ایک کروڑ نوجوانوں کو روزگاراور پچاس لاکھ لوگوں کو گھر فراہم کریں گے اور لوگ باہر سے یہاں نوکری کیلئے آئیں گے لیکن کل گزشتہ روز آپ نے دیکھا کہ اسلام آباد کو میدان جنگ

بنا دیا تھا، پورے ملک سے ہزاروں ملازمین پر گولیاں برسائی گئیں۔ان پر شیلنگ کرکے زخمی کئے گئے۔عوام فیصلہ کرلیں کہ یہ جعلی حکمران روزگار فراہم کررہے ہیں یا روزگار چھین رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہر بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ ہوتا ہے لیکن معیشت کو آسمان کی بلندیوں تک پہنچانے والے ان حکمرانوں نے معیشت کو برباد کردیا۔جب انہوں ے بجٹ دیا تو جی ڈی پی گروتھ 0.4تھا،ملک کو یہاں تک پہنچایا گیا ہے کہ اب ان کے پاس ملازمین کو تنخواہیں دینے کی رقم نہیں ہے۔سویت یونین اس وجہ سے نہیں ٹوٹا کہ ان کے پاس اسلحہ ختم ہوئی تھی، یا ایٹم بم اور مزائل ختم ہوئے تھے، بلکہ جب معاشی طور پر دیوالیہ ہوا تو پھر کچھ نہیں رہا، اسی خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے آج ہم ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوکر ملک کے معاشی تحفظ اور جعلی حکمرانوں سے نجات کیلئے پی ڈی ایم کی شکل میں یکجا ہوئے ہیں۔ ہم ضمنی انتخابات اور سینٹ الیکشن مشترکہ طور پر لڑکر سلیکٹیڈ حکمرانوں کو بتائیں گے کہ اب قوم کے فیصلے قوم ہی کرے گی۔انہوں نے کہا کہ 16فروری کو پشین کے عوام پی ڈی ایم اتحاد کے امیدوار کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرکے سلیکٹیڈ اور جعلی حکمرانی کا بوریاں بستر گول کرنے میں اپنا جمہوری کردار ادا کریں گے۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close