لاہور (پی این آئی) ن لیگ کی جانب سے سینیٹ کا ٹکٹ نہ دیے جانے پر زبیر عمر مایوسی کا شکار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق سابق گورنر سندھ اور مریم نواز کے ترجمان زبیر عمر سینیٹ کا ٹکٹ نہ ملنے پر مایوسی کا شکار ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق زبیر عمر نے مریم نواز اور نواز شریف کی قربت اختیار کر کے سینیٹ کا
ٹکٹ حاصل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی۔کچھ روز قبل تک لیگی ذرائع نے زبیر عمر کو سینیٹ ٹکٹ ملنے کی خوشخبری بھی سنا دی تھی۔ تاہم جمعہ کے روز سینیٹ انتخابات کیلئے ن لیگ کے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا گیا تو اس میں زبیر عمر کا نام شامل نہیں تھا۔ سابق گورنر سندھ بار بار لیگی رہنماوں کو فون کر کے امیدواروں کے نام پوچھتے رہے۔ ن لیگ کی جانب سے سینیٹ کا ٹکٹ نہ دیے جانے کی تصدیق ہونے کے بعد زبیر عمر مایوسی کا شکار ہوگئے۔واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے سینیٹ الیکشن کیلئے صوبہ پنجاب سے پارٹی کے 5 رہنماوَں کے ناموں کی منظوری دی گئی ہے ۔ اس حوالے سے ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ن لیگ نے ٹیکنو کریٹ کی نشست پراعظم نذیر تارڑ ایڈووکیٹ کو پارٹی ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ پارٹی نے جنرل نشست پر پرویز رشید، مشاہداللہ خان اور پروفیسر ساجدمیر کے ناموں کی منظوری دی ہے جبکہ خواتین کی نشست پر بیرسٹر سعدیہ عباسی کو پارٹی ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی مقامی تنظیم سینیٹ میں پارٹی ٹکٹ دینے کا فیصلہ کرے گی ۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے پارٹی چیئرمین راجہ ظفرالحق سمیت متعدد سینئر رہنماؤں کو نظر انداز کردیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان سینیٹ انتخابات کا شیڈول جاری کر چکا ہے۔ سینیٹ انتخابات کیلئے پولنگ 3 مارچ کو ہوگی۔ پولنگ ڈے کا اعلان ہونے کے بعد تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے امیدواروں کی فہرست کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ ایک سے دو دن کے دوران تمام جماعتیں امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دیں گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں