وفاداری کا انعام مل گیا، نواز شریف نے سینیٹ الیکشن میں جنرل سیٹ کیلئےغیر لیگی شخصیت کو ٹکٹ جاری کر دیا

لاہور (پی این آئی) نواز شریف کا حیران کن فیصلہ، غیر لیگی رہنما کو اپنی جماعت کا سینیٹ کا ٹکٹ دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) نے سینیٹ انتخابات میں جنرل سیٹ پر اپنی دیرینہ اتحادی جماعت مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سربراہ پروفیسر ساجد میر کو سینیٹ کا ٹکٹ جاری کر دیا ۔ مسلم لیگ (ن) کے

قائد محمد نواز شریف نے لندن سے ٹیلیفون پر پروفیسر ساجد میر کو ٹکٹ کے اجراء کی اطلاع دی ۔مسلم لیگ (ن)نے اپنی حلیف جماعت مرکزی جمعیت اہل حدیث کے سربراہ کو پانچویں مرتبہ سینٹ کا ٹکٹ جاری کیا۔ نواز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمارے وفادار اتحادی ہیں۔ ساجد میر نے ٹکٹ دینے پر نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کی بالادستی اور جمہوریت کے استحکام کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے سینیٹ انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا گیا۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ملک میں سینیٹ الیکشن 3 مارچ کو ہوں گے۔ الیکشن کمیشن کے بیان کے مطابق سینیٹ الیکشن کے لیے پولنگ 3 مارچ کو ہو گی۔ الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کے لیے شیڈول جاری کرتے ہوئے بتایا کہ سینیٹ الیکشن کے لیے کاغذات نامزدگی 12 سے 13 فروری تک جمع کروائے جا سکیں گے۔ نامزد اُمیدواروں کے نام 14 فروری کو لگائے جائیں گے۔جس کے بعد سینیٹ انتخابات کے لیے اُمیدواروں کی جانب سے جمع کروائے جانے والے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 15 اور 16 فروری کو ہوگی۔ خیال رہے کہ ملک بھر کی سیاسی جماعتیں بالخصوص حکومتی جماعت اور پی ڈی ایم میں شامل اپوزیشن جماعتیں سینیٹ انتخابات کے حوالے سے تیاریوں میں مصروف ہیں۔ پی ڈی ایم نے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لیے سینیٹ میں مشترکہ اُمیدوار لانے کا اعلان کر رکھا ہے جبکہ حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف نے بھی سینیٹ انتخابات کے لیے اُمیدواروں کی فہرست کو حتمی شکل دے دی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں