اسلام آباد (پی این آئی) حکومت کا سرکاری ملازمین کی تنخواہیں یکم مارچ سے بڑھانے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے حوالے سے باقاعدہ اعلامیہ جاری کر دیا۔ جاری اعلامیہ کے مطابق گریڈ 1 سے 19 تک کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25
فیصد اضافہ ہوگا۔ تنخواہوں میں اضافہ صرف ان ملازمین کیلئے ہوگا جو پہلے سے اضافہ الاونسس وصول نہیں کر رہے۔تنخواہوں میں اضافہ ایڈہاک بنیاد پر یکم مارچ سے ہی کر دیا جائے گا۔ جبکہ یکم جولائی سے ایڈہاک اضافے کو بنیادی تنخواہ میں بھی ضم کر دیا جائے گا۔ وفاقی حکومت نے تمام صوبوں سے بھی اپنے وسائل کے مطابق سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی سفارش بھی کی ہے۔وزارت خزانہ نچلے اسکیل کے ملازمین کی اسکیل پروموشن اور اپ گریڈیشن کے لیے بھی کام کرے گی۔مزید بتایا گیا ہے کہ جمعرات کے روز وزیراعظم عمران خان سے سرکاری وفاقی ملازمین سے مذاکرات کرنے والی حکومتی کمیٹی نے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید ، پرویز خٹک اور علی محمد خان شامل تھے۔ وزارت خزانہ کے حکام کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو تنخواہوں میں اضافے اور اضافے سے قومی خزانے پر پڑنے والے بوجھ پر بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم کو سرکاری وفاقی ملازمین سے طے ہونے والے فارمولے پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے بریفنگ لینے کے بعد وفاقی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دے دی۔ جبکہ سرکاری وفاقی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری کابینہ سے لینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ دوسری جانب حکومتی کمیٹی اور سرکاری ملازمین کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد تمام گرفتار افراد کو رہا کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔جمعرات کے روز وفاقی دارالحکومت میں حکومتی کمیٹی اور سرکاری ملازمین کے درمیان نتیجہ خیز مذاکرات کے بعد سرکاری ملازمین نے دھرنا ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔ ملازمین نے شرط عائد کی کہ تنخواہوں میں اضافے کے حوالے سے حکومت جلد از جلد اعلامیہ جاری کرے، اسی باعث اب حکومت نے آج ہی تنخواہوں میں اضافے کا باقاعدہ اعلامیہ جاری کر دیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں