اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم کا سینیٹ الیکشن کیلئے پارٹی کے دیرینہ کارکنوں کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹ الیکشن کیلئے ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے بڑا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جمعرات کے روز وزیراعظم کی زیر صدارت سینیٹ انتخابات کیلئے ٹکٹوں
کی تقسیم کے حوالے سے بلائے گئے پارلیمانی بورڈ اجلاس ہوا۔اجلاس کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ اس مرتبہ سینیٹ انتخابات کیلئے سرمایہ داروں اور جاگیرداروں کو ٹکٹس دینے کی روایت ختم کریں گے۔ سینیٹ انتخابات کیلئے تحریک انصاف کے دیرینہ کارکنوں کو ٹکٹ دیے جائیں۔ ایسے لوگوں کو ٹکٹ دیں گے جو عوامی فلاح، بہتر قانون سازی کے لیے کام کریں گے۔ذرائع کے مطابق آئندہ چند روز میں تحریک انصاف ٹکٹ ہولڈرز کی حتمی فہرست جاری کر دیے جانے کا امکان ہے۔بتایا گیا ہے کہ پنجاب سے سینیٹ نشستوں پر کامیابی کیلئے پاکستان تحریک انصاف کے رابطوں میں تیزی آگئی ہے۔ پنجاب میں پی ٹی آئی سینیٹ کی6 سیٹیں ملنے کیلئے پر امید ہے۔ پنجاب میں سینیٹ کے ٹکٹ کے 10 سے زائد خواہشمندوں کے نام سامنے آگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے جو رہنماء سینیٹ الیکشن لڑنا چاہتے ہیں ان میں سیف اللہ نیازی، بابر اعوان، شہزاد اکبر، عمرسرفراز چیمہ، اعجاز چوہدی، ظہیر عباس ،جلال الدین رومی، سیف الدین کھوسہ، ڈاکٹرزرقا،تنزیلہ عمران اور جمشیداقبال چیمہ سمیت ثانیہ نشتر کے نام بھی متوقع امیدواروں میں شامل ہیں۔ان کے علاوہ (ق) لیگ کے اتحادی کامل علی آغا کے ٹکٹ کی منظوری عمران خان پہلے ہی دے چکے ہیں۔ وزیراعظم سے سفارش کی گئی ہے کہ شبلی فراز کو دوبارہ سے سینیٹ کا ٹکٹ دیا جائے، جبکہ ٹیکنو کریٹس کے لیے حفیظ شیخ کا نام شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔ خواتین میں ثانیہ نشتر اور ڈاکٹر زرقا کے نام شارٹ لسٹ کیے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کا شیڈول بھی جاری کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے اعلان کے مطابق سینیٹ انتخابات کیلئے 48 نشستوں پر ووٹنگ 3 مارچ کو ہوگی۔ الیکشن کمیشن کے اعلان کے بعد تمام سیاسی جماعتوں نے اپنے امیدواروں کے نام فائنل کرنے کی تیاریاں تیز کر دی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں