اگر آپ نے انتخابات کے نتائج تبدیل نہیں کیے، توپھر پہلی رات مبارکباد کیوں پیش کی؟ مولانا فضل الرحمٰن کا ڈی جی آئی ایس پی آر کے بیان پر ردِعمل

حیدرآباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف تحریک کے لیے معرض وجود میں آنے والے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ تحریک تحریک ہوتی ہے، ضروری نہیں اس کے نتائج ملیں ، اسلام آباد میں احتجاج کرنے والے مظاہرین کے

جمہوری حق کوتسلیم کرتے ہیں اور ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق صوبہ سندھ کے شہر حیدرآباد میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ووٹ قوم کا حق ہے جب کہ تمام ریاستی ادارے عوام کے خادم ہیں اس لیے تمام ادارے آئینی دائرے میں اپنے فرائض انجام دے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہ کہ ماضی کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ کرپشن بڑھی ہے اور اب حکومتی پارٹی کے اندرسے احتساب کی آوازیں بلند ہورہی ہیں۔جب کہ گزشتہ روز حیدر آباد میں ہونے والے پی ڈی ایم کے جلسہ سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ سے غلطیاں ہوئی ، قوم سے معافی مانگنا پڑے گی، اسٹیبلشمنٹ کہتی ہے ہمارا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، اگر آپ نے انتخابات کے نتائج تبدیل نہیں کیے،توپھر پہلی رات مبارکبادکیوں پیش کی کہ ہم نے دشمن کو شکست دی ہے،ہم پرائمری کے بچے نہیں، سیاست سیکھنی تو ہماری شاگردی کرنا ہوگی۔پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ آپ نے پاکستان کے حکمرانوں کو آواز نہیں دی، بین الاقوامی دنیا کو بھی جھنجھوڑا ہے، پاکستان کے سیاہ وسفید کے مالکوں کو جھنجھوڑا ہے، ان کوبتایا کہ حکومتیں تمہاری دھاندلی سے نہیں عوام کے ووٹ سے بنیں گی، آج ہم پاکستان میں آزاد جمہوری فضاؤں کو بحال کرنے کیلئے یکجا ہیں، تحریک اپنی منزل کو پہنچے گی، آپ کو باربار کہا گیا آپ تھکے تو نہیں ، لیکن سمندرموجیں مارتا اور مچھلیاں تیرتے تیرتے نہیں تھکتی، ہمارے کارکن نہیں تھکیں گے جب تک ہمارے سمندر میں موجیں مارنے کی طاقت ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close