اپوزیشن کو ریلیف ملنے کا سلسلہ جاری، نیب نے ایک اور پیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی کو کلین چٹ دیدی

کراچی (پی این آئی) اپوزیشن کو ریلیف ملنے کا سلسلہ جاری، نیب نے پی پی کے رکن اسمبلی کو بھی کلین چٹ دے دی، قومی احتساب بیورو کا پیپلز پارٹی کے سردار محمد بخش مہر کیخلاف اختیارات کے ناجائز استعمال کا کیس بند کرنے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے حکومت اور نیب پر سیاسی

انتقام کا نشانہ بنائے جانے کا الزام عائد کیا جاتا ہے، تاہم حالیہ کچھ عرصے کے دوران اپوزیشن کے رہنماوں کو نیب کیسز میں ریلیف ملنے کا سلسلہ شروع ہوا، جو اب تک جاری ہے۔بتایا گیا ہے کہ نیب ایک اور اپوزیشن رہنما کیخلاف کرپشن ثابت کرنے میں ناکام رہا۔ نیب نے پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی سردار محمد بخش مہر کیخلاف تحقیقات بند کردیں، یہ معاملہ چیئرمین نیب کو بھیج دیا گیا ہے۔منگل کے روز سندھ ہائیکورٹ میں ہوئی سماعت کے دوران نیب پراسیکوٹر نے عدالت کو بتایا کہ پی پی رکن قومی اسمبلی سردار محمد بخش مہر کیخلاف کوئی ثبوت نہ مل سکا۔سردار محمد بخش مہر پر پیپلز پارٹی کے سابق دور حکومت میں اختیارات کے ناجائز استعمال اور سرکاری ریکارڈ میں خوردبرد کے الزامات ہیں، تاہم دوران تفتیش ان کیخلاف کوئی ثبوت نہ مل سکا، اسی لیے ان کیخلاف تحقیقات کو بند کرنے کیلئے معاملہ چئیرمین نیب کو بھیج دیا گیا ہے۔ یہاں واضح رہے کہ حالیہ کچھ دنوں میں مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے رہنماوں کو نیب کی جانب سے ریلیف دیا گیا ہے۔سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کیخلاف کچھ کیسز بند کر کے اعلان کیا گیا کہ ان پر کرپشن الزامات ثابت نہ ہو سکے۔ جبکہ ن لیگ کے دور حکومت رشوت ویڈیو اسکینڈل سے بدنام ہونے والے سابق صوبائی وزیر رانا مشہود کیخلاف بھی نیب نے انکوائری بند کر دی، اور یہی موقف اختیار کیا کہ لیگی رہنما کیخلاف کوئی ثبوت نہ مل سکا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close