وزیر اعظم کی طرف سے اپنی جماعت کا ارکان کو50 کروڑ روپے ترقیاتی فنڈز دینے کا معاملہ، چیف جسٹس نے لارجر بینچ تشکیل دے دیا

اسلام آباد (این این آئی)چیف جسٹس آف پاکستان نے وزیراعظم کی جانب سے اپنی جماعت کے اراکین اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز جاری کرنے کے معاملے پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے لئے گئے نوٹس کی سماعت کیلئے 5 رکنی لارجر بینچ تشکیل دے دیا۔چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ تشکیل دیا

گیا ہے جس میں جسٹس مشیر عالم، جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس اعجاز الاحسن شامل ہیں۔سپریم کورٹ میں کیس کو سماعت کے لیے بھی مقرر کیا جاچکا ہے اور بینچ 10 فروری کو دوپہر ایک بجے سماعت کرے گا۔کیس میں کابینہ سیکریٹری کے ذریعے وفاقی حکومت، وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری، سیکریٹری وزارت خزانہ، چیف سیکریٹریز کے ذریعے تمام صوبائی حکومتوں اور محکمہ خزانہ کے سیکریٹریوں کو نوٹس جاری کیے جاچکے ہیں۔علاوہ ازیں اٹارنی جنرل پاکستان اور پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور اسلام آباد کے ایڈووکیٹ جنرلز کو بھی نوٹس جاری کر کے ان سے جواب طلب کیا گیا۔خیال رہے کہ 3 فروری کو سپریم کورٹ نے وزیراعظم کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے ہر رکن اسمبلی کو 50 کروڑ روپے کی ترقیاتی گرانٹ دینے کی میڈیا رپورٹس کا نوٹس لیا تھا۔مذکورہ نوٹس کو 10 فروری کو سماعت کے لیے مقرر کیا گیا تھا تا کہ فیصلہ کیا جاسکے کہ صوبائی اور وفاقی حکومت سے جواب لینے کے بعد اسے جاری رکھا جائے یا ختم کردیا جائے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close