فردوس عاشق نے شہباز شریف کے منصوبے کی تعریف کر دی، سیف سٹی پراجیکٹ کی افادیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا

لاہور(آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سیف سٹی پراجیکٹ کی افادیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا لیکن یہ شہبازشریف نے اپنی جیب یا اتفاق فائونڈری کے پیسے سے نہیں بنایا ،نیب اس پراجیکٹ کی بھی تحقیقات کررہا ہے ، بزدار حکومت سیف سٹی پراجیکٹ کو مزید آگے

بڑھائے گی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سیف سٹی نظام کے تحت سٹریٹ کرائم پر قابو پایا جائے گا اس قوم کی بیٹیوں پر فخر ہے کہ وہ اپنی قوم کی بہتری کیلئے کردار ادا کررہی ہیں ۔خواتین کوعملی طورپر بااختیار بنانے کے لئے جدید سہولیات فراہم کریں گے ۔سیفی سٹی پراجیکٹ میں چھ ہزار کیمرے کام کررہے ہیں ان کیمروں کی مدد سے دہشت گردی پر قابو پانے میں مدد ملے گی ۔یہ پراجیکٹ شہبازشریف کی جیب یا اتفاق فائونڈری کے پیسے سے نہیں بنا ہے اس منصوبے سے متعلق نیب میں تحقیقات ہورہی ہیں کیونکہ اس میں بھی کرپشن ہوئی ہے ۔تاہم اس منصوبے کی افادیت سے انکار نہیں کرتے ۔سیف سٹی سسٹم کا دائرہ کار ون فائیو تک بڑھایا جارہا ہے تاکہ کرائم پر قابو پایا جاسکے ۔قبل ازیں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ لانگ مارچ پی ڈی ایم ٹولے کیلئے ڈرانا خواب ثابت ہوگا، اپوزیشن کا اپنا ‘لونگ گواچ’ چکا ہے، یہ لانگ مارچ کیا کریں گے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 26 مارچ ابھی دور ہے، لانگ مارچ بھی استعفوں کی طرح ناکام ہی رہے گا، پی ڈی ایم کرپشن کے مگر مچھوں کا ٹولہ ہے، عوام کرپشن میں لت پت چوروں اور لٹیروں کو پہچان چکے ہیں، جعلی راجکماری، شہزادے اور مولانا ایک دوسرے کو زیادہ دیر فریب نہیں دے سکیں گے، پی ڈی ایم تاش کے پتوں کی طرح جلد بکھر جائے گی، وزیراعظم عمران خان کی شفاف سیاست

کے سامنے اس ٹولے کی منفی سیاست کا حشر نشر ہو چکا ہے۔دوسری جانب فردوس عاشق اعوان نے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار سے ملاقات کی۔ انہوں نے پاک فوج کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ قوم پاک فوج کے جوانوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی، پاک فوج نے دہشتگردی کی لعنت سے چھٹکارا دلوایا، پاکستان میں استحکام اور امن و امان کے قیام کیلئے اپنے شہیدوں کی قربانیوں کے مقروض ہیں۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں