اسلام آباد (این این آئی)وفاقی کابینہ نے گریڈ ایک تا 16 کے ملازمین کی تنخواہیں بڑھانے کی اصولی منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی اداروں کے ملازمین کے معاملات صوبوں کو خود دیکھناہوں گے۔تفصیلات کے مطابق منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ملکی سیاسی
و معاشی صورتحال پر غور کیا گیا۔ وفاقی کابینہ کو کورونا وبا اور ویکسینیشن سے متعلق وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی ، وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا ویکسین بلا تفریق لگائی جائیگی، وزیراعظم نے کورونا ایس او پیز پرعملدرآمد کرانے کی بھی ہدایت کی۔وفاقی کابینہ اجلاس میں تنخواہوں کے معاملے پر وزیر دفاع پرویز خٹک نے بریفنگ دی۔وفاقی کابینہ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بڑھانے کی بھی اصولی منظوری دی جس کے مطابق گریڈ ایک تا 16 کے 3 لاکھ 70 ہزار ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائیگا جبکہ صوبائی اداروں کے ملازمین کی تنخواہوں کے معاملات صوبوں کو خود دیکھناہوں گے۔ کابینہ اجلاس میں مختلف اداروں کے سی ای اوز اور سربراہان کی خالی پوسٹس کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ مختلف وزارتوں، ڈویژنوں اور محکموں میں سی ای او اور سربراہان کی 80 پوسٹیں خالی ہیں جس پر وزیراعظم نے سرکاری محکموں کے سربراہان کی پوسٹیں خالی ہونے کا سخت نوٹس لیا اور متعلقہ سیکریٹری کی سرزنش کی۔وزیراعظم نے کہا کہ سربراہان کی پوسٹیں کیوں خالی ہیں، ذمہ دار کا تعین کریں ؟ ،عہدے خالی ہونے سے بھی چھ ماہ میں پہلے تقرریوں کی پلاننگ کر لی جاتی ہیں۔اجلاس میں میٹرو بس سروس منصوبے کے بارے میں بریفنگ آئندہ اجلاس تک مؤخر کردی گئی۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں