لاہور(این این آئی ) وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ میری اطلاعات کے مطابق پی ڈی ایم 26 مارچ کو لانگ مارچ کی تیاریاں کر رہی ہے اور اس کے لیے مولانا فضل الرحمان نے بیگم صفدر اعوان اور نواز شریف سے پانچ ارب روپے کی ڈیمانڈ کی ہے، اس سے پہلے مولانا 2019 میں لانگ
مارچ سے تقریبا ڈیڑھ ارب کی دیہاڑی لگا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی سمیت تمام اپوزیشن پارٹیوں نے سینیٹ چیئرمین کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد سینیٹ کے اندر ووٹوں کی خریدوفروخت روکنے کے لیے 22 ویں ترمیم کے ذریعے اوپن بیلٹ سسٹم اور شو آف ہینڈز کے ذریعے ووٹنگ سسٹم لانے کا فیصلہ کیا تھا۔ مئی 2006 میں میثاق جمہوریت، جس کا دوسرا نام “رادھا آو مل کے کھائیں آدھا آدھا” ہے، کا ایک نکتہ ہارس ٹریڈنگ کو اوپن بیلٹ کے ذریعے روکنا بھی تھا۔ اب پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے لائے گئے صدارتی آرڈیننس کے بعد اوپن بیلٹ سسٹم کے انہی حامیوں نے گرگٹ کی طرح رنگ بدل لیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے وزیر اعظم عمران خان سے بغض معاویہ کی حد تو یہاں تک ہے کہ اگر وزیر اعظم عمران خان آج نواز شریف یا آصف زرداری کی تعریف میں انہیں دیانتدار بھی کہہ دیں تو یہ دونوں جماعتیں وزیر اعظم عمران خان کو جھوٹا کہنا شروع کر دیں گی۔ ایک سوال کے جواب میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ چوہدری برادران اس حکومت کے اتنے ہی لجپال اور سرپرست ہیں جتنے کہ وزیراعظم عمران خان۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز جیل میں موجیں کر رہے ہیں، عوام کو بے وقوف مت بنائیں۔ اپنی تقریر کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ دسمبر 2023
تک اپوزیشن اور حکومت کو اسی تنخواہ پر کام کرنا ہو گا۔ اپوزیشن چاہے ٹرک پر چڑھے، چاہے برج خلیفہ پر یا کے ٹو کی پہاڑی پر چڑھیں، انہیں این آر او نہیں ملے گا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں