قومی اسمبلی میں 4 فروری کا ناخوشگوار واقعہ ، 3 ارکان کو نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ، کون کون شامل ہے؟

اسلام آباد(آن لائن ) قومی اسمبلی میں حکومتی اور اپوزیشن ارکان کے درمیان 4 فروری کو ہونے والے ناخوشگوار واقعہ پر ارکان کو نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ ایوان کے تقدس کو کسی صورت پامال نہیں ہونے دیا جائے گا، سپیکر کسی رکن کو ناروا رویہ کے خلاف

جاری سیشن کیلئے معطل کرسکتے ہیں ۔ قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پیش آنے والے ناخوشگوار واقعہ کے معاملے پر سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی سربراہی میں اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری بھی شریک تھے ۔سیکرٹری قومی اسمبلی نے واقعہ کی ویڈیو اور تصاویر سپیکر کو پیش کیں۔ سپیکر اسد قیصرنے کہا کہ ایوان کے تقدس کو کسی صورت پامال نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ایوان کا ماحول خراب کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ اجلاس کی کاروائی کی فوٹیج اور تصاویر کا جائزہ لینے کے بعد 3 ممبران کو قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے قاعدہ 21 کے تحت لیٹر جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے مطابق سپیکر کسی رکن کو ناروا رویہ کے خلاف جاری سیشن کیلئے معطل کرسکتے ہیں، لیٹر جاری ہونے والے ممبران میں پی پی پی پی کے سید نوید قمر، پی ایم ایل این کے چوھدری حامد حمید اور پی ٹی آئی کے عطااللہ خان شامل ہیں۔ تینوں اراکین سے ان کے عمل پر وضاحت مانگی جائے گی، اگر وضاحت تسلی بخش نہ ہوئی تو ان کے خلاف کاروائی کی جاسکتی ہے

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close