وزیر اعظم عمران خان نےکشمیر پر ایسا کیا کہہ دیا کہ دفتر خارجہ نے وضاحت جاری کر دی؟

اسلام آباد (آئی این پی )ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر تنازع پرپاکستان کے اصولی مقف میں کوئی تبدیلی نہیں، وزیراعظم نے کوٹلی میں خطاب کے دوران کشمیر پر پاکستان کے دیرینہ موقف کا اعادہ کیا، جموں و کشمیرکاتنازع اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں میں موجود ہے۔ جمعہ کو دفتر خارجہ کی

جانب سے جاری وضاحتی بیان میں ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے پاکستان کے دیرینہ موقف اور حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے بار بار جموں و کشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں کے بارے میں بات کی ہے، وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اقوام متحدہ کے زیراہتمام آزادانہ اور غیرجانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے جموں و کشمیر تنازع کے حل کے لیے پرعزم ہے، رائے شماری کا وعدہ اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں میں شامل ہے۔دریں اثنا ء ن لیگ کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کوٹلی میں وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کشمیریوں کے ساتھ آج پاکستان کے لیے بھی افسوسناک دن ہے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ کشمیر پر جو م قف ہم 1948 سے لے کر چل رہے تھے آج وزیراعظم نے اس کی نفی کردی۔شاہد خاقان نے کہا کہ کسی وزیراعظم کو یہ اختیار حاصل نہیں کہ اسے تبدیل کرسکے ، یہ ایسی غلطی ہے جس پر تاریخ معاف نہیں کرے گی۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر کے عوام جب پاکستان کے حق میں فیصلہ کریں گے تو پاکستان انہیں حق دے گا کہ وہ آزاد رہنا چاہتے ہیں یا پاکستان کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں