اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم عمران خان کے حکم پر قبضہ مافیا کے خلاف بڑا کریک ڈائون شروع کردیا گیا، کارروائی کے دوران اسلام آباد میں سرگرم قبضہ مافیا کے5بڑے سرغنہ گرفتار کرلیے گئے،نجی ٹی وی کے مطابق لاہور کے بعد اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے بھی قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کا فیصلہ
کرتے ہوئے ان گروپوں کے 80افرادکی فہرست تیار کی ہے، قبضہ مافیا کے خلاف کریک ڈاون کے لیے خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے، جن ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے ان میں غوری ٹائون کے مالک راجہ عبدالرحمان، راجہ رضا سمیت 5اہم افراد شامل ہیں، ان بااثر شخصیات کو تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا ہے،گرفتارافراد کوتھری ایم پی او کے تحت90دن تک حراست میں رکھا جاسکتا ہے، اس حوالے سے 30کے قریب شخصیات کی فہرست مرتب کی گئی ہے،قبضہ مافیا کے خلاف بڑا کریک ڈائون کے دوران ان کا اسلحہ اور گاڑیاں بھی ضبط کی جارہی ہیں، کریک ڈائون وفاقی پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے افسران کی زیر نگرانی کیا جارہا ہے، رات گئے مزید اہم گرفتاریوں کا بھی امکان ظاہر کیا جارہا ہے،ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کے مطابق مذکورہ کمیٹی سرکاری اراضی پر قبضے کو فوری واگزار کروا کر قانونی کارروائی عمل میں لائے گی، قبضہ مافیا کے منظم گروہ اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لا کر انہیں عوام کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں