بچوں کو ہراسگی سے بچانے کیلئے تعلیمی اداروں میں اینٹی ہراسمنٹ پالیسی نافذ کر دی گئی

لاہور (پی این آئی) بچوں کو جنسی ہراسگی سے بچانے کیلئے اسکولوں میں بچوں کو پیار سے چومنے پر پابندی عائد، پنجاب ایجوکیشن فاونڈیشن نے لاہور سمیت صوبے بھر کے پارٹنر اسکولوں میں اینٹی ہراسمنٹ پالیسی نافذ کر دی۔ تفصیلات کے مطابق بچوں کیساتھ جنسی ہراسگی اور زیادتی کے بڑھتے ہوئے واقعات کی

روک تھام کے سلسلے میں پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی جانب سے اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔آئندہ سے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پارٹنر اسکولوں میں اینٹی ہراسمنٹ پالیسی نافذ کر کے بچوں کو پیار سے چومنے پر پاپندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس حوالے سے متعلقہ اسکولوں کے سربراہان کو مراسلہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ نئی نافذ شدہ پالیسی کے تحت متعلقہ اسکولوں میں زیر تعلیم بچوں کو پیار سے چومنے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔سکولوں انتظامیہ کے عملے پر اکیلے میں بچوں کے ساتھ ملاقات پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔اس کے علاوہ زیر تعلیم بچوں کو جنسی استحصال سے متعلق تربیت دینا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ترجیحی بنیادوں پر مڈل کلاس میں لڑکے اور لڑکیوں کیلئے الگ کلاس روم بنانے، کلاس روم کی حدود میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے اور مانیٹرنگ کے نظام کو سخت کر کے بچوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ یہاں واضح رہے کہ حالیہ کچھ عرصے کے دوران بچوں سے زیادتی و ہراسگی کے واقعات رپورٹ ہونے کے سلسلے میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔خاص کر سانحہ گجر پورہ کے بعد سے روزانہ بنیاد پر خواتین اور بچوں سے جنسی زیادتی کے تشویش ناک کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ایسے میں حکومت قانون سازی کے ذریعے جنسی زیادتی مجرمان کو سخت سے سخت سزائیں دے کر ایسے گھناونے جرائم کی روک تھام کیلئے کوشاں ہے۔ جبکہ عوام کا مطالبہ ہے کہ جنسی زیادتی کے کسی بھی کیس میں ملوث ملزمان کو سرعام پھانسی دے کر عبرت کا نشان بنایا گیا۔

close