اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان میں کورونا ویکسینیشن مہم کا باضابطہ آغاز کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا ویکسین سب سے پہلے طبی عملے کو لگائی جائے گی،دوسرے مرحلے میں ان افراد کو ویکسین دی جائے گی جنہیں کورونا سے متاثر ہونے کا زیادہ خدشہ ہے،ویکسین تمام صوبوں میں شفاف
طریقے سے تقسیم ہورہی ہے،کوئی یہ نہ سمجھے کہ ہم نے ویکسین کسی ایک صوبے میں زیادہ تقسیم کی ہیں۔ منگل کوکورونا ویکسی نیشن مہم کے آغاز پر وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل، وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواہد چوہدری اور وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر بھی موجود تھیں۔اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ چین سمیت اپنی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں جنہوں نے بہت محنت کی۔انہوںنے کہاکہ چین کی جانب سے 5 لاکھ ویکسین وصول ہوئی ہیں۔وزیر اعظم عمران خان نے زور دیا کہ سب سے پہلے کورونا ویکسین طبی عملے کو دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں ان افراد کو ویکسین دی جائے گی جنہیں کورونا سے متاثر ہونے کا زیادہ خدشہ ہے۔عمران خان نے کہا کہ تمام صوبوں میں ویکسین کی تقسیم منصفانہ ہوگی، کوئی یہ نہ سمجھے کہ ہم نے ویکسین کسی ایک صوبے میں زیادہ تقسیم کی ہیں۔انہوں نے طبی عملے کو مخاطب کرکے کہا کہ آپ کے لیے ویکسین لینا بہت ضروری ہے کیونکہ رسک سب سے زیادہ طبی عملے کے لیے ہے۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ میں تاکید کروں گا کہ کورونا سے متعلق ایس او پیز پر عمل کریں اور خاص طور پر ماسک کا استعمال یقینی بنائیںانہوںنے کہاکہ کورونا کیسز میں بتدریج کمی آرہی ہے اور اسی وجہ سے اسکولوں کو کھول
دیا گیا اور اگلے مرحلے میں دیگر اداروں کو بھی کھول دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جس قدر احتیاط کریں گے اتنا ہی فائدہ ہوگا۔وزیر اعظم نے کہا کہ شعبہ خدمات میں کورونا سے متعلق پابندیاں تاحال رائج ہیں لیکن تقریباً معیشت فعال ہے۔انہوں نے دیگر یورپی اور مغربی ممالک کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ادھر کورونا سے اموات کی تعداد لاکھوں میں ہے۔انہوںنے کہاکہ اللہ نے دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان پر کرم کیا ہے ہمیں اس کا شکر ادا کرنا چاہیے۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں