اسلام آباد (این این آئی) چیف آرگنائزر اور ترجمان پاکستان تحریک انصاف سیف اللہ خان نیازی نے کہاہے کہ تحریک انصاف آزادجموں و کشمیر میں پوری طرح قدم جما چکی ہے،طے شدہ طریقہ کار کے تحت بہترین ساکھ اور مقبولیت کی حامل سیاسی شخصیات کو شامل کریں گے۔چیف آرگنائزر اور ترجمان پاکستان تحریک
انصاف سیف اللہ خان نیازی نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف آزادجموں و کشمیر میں پوری طرح قدم جما چکی ہے، آزادکشمیر بھر سے مقبول سیاسی شخصیات تحریک انصاف میں شمولیت چاہتی ہیں، طے شدہ طریقہ کار کے تحت بہترین ساکھ اور مقبولیت کی حامل سیاسی شخصیات کو شامل کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ آزاد جموں و کشمیر میں کسی سیاسی جماعت سے اتحاد کی ضرورت ہے نہ کریں گے، فیصلہ کن اکثریت کا حصول ہدف ہے، مضبوط امیدوار میدان میں اتاریں گے۔ انہوںنے کہاکہ سینٹ انتخابات کیلئے امیدواروں کے چناؤ کیلئے پارلیمانی بورڈ تشکیل پاچکا ہے، ایوانِ بالا کے انتخابی عمل میں شفافیت تحریک انصاف کی ترجیح ہے، حکومت سینٹ انتخابات کے طریقہ کار کی تبدیلی میں سنجیدہ ہے، حزب مخالف دامن چھڑا رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ قوم دیکھ لے گی کون شفافیت چاہتا ہے اور کون کرپشن کی گنگا بہائے رکھنا چاہتا ہے، سینٹ انتخابات کے بعد بلدیاتی انتخابات کا مرحلہ درپیش ہے۔ انہوںنے کہاکہ تحریک انصاف نچلی سطح تک تنظیم سازی کا عمل کافی حد تک مکمل کرچکی ہے، بلدیاتی انتخاب کا مرحلہ آنے تک پوری طرح تیار ہوں گے، معیشت کی اصلاح کی کاوشیں بار آور ثابت ہورہی ہیں، معاشی مشکلات کے باوجود نچلے طبقے کی فلاح کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں