لاہور(پی این آئی) وزیر اعظم نے رہنما ق لیگ کامل علی آغا کو سینیٹ ٹکٹ دینے کی منظوری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے حکومت کی اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ق لیگ کی جانب سے اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ، طارق بشیر چیمہ، مونس الہیٰ جبکہ
حکومت کی جانب سے پرویز خٹک اور شفقت محمود نے بھی شرکت کی۔ملاقات میں سینیٹ انتخابات کیلئے حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس دوران وزیراعظم نے سینیٹ انتخابات کیلئے کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے ق لیگ کے سینئر رہنما کامل علی آغا کو سینیٹ ٹکٹ دینے کی منظوری دے دی۔ اس دوران وزیراعظم نے یقین دہانی کروائی کہ سینیٹ انتخابات کے حوالے سے اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ملاقات کے دوران اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ نے وزیراعظم کو پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کے افتتاح کیلئے دعوت دی، جو عمران خان نے قبول کر لی۔وزیراعظم جلد لاہور کا دورہ کر کے پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کا افتتاح کریں گے۔ دوسری جانب سینیٹ انتخابات کا وقت قریب آنے کے بعد تحریک انصاف کی حکومت سے وابستہ کئی غیر سیاسی لوگوں نے سینیٹ کا ٹکٹ حاصل کرنے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ عمران خان کے بعد ایک اور سابق قومی کرکٹر وسیم اکرم بھی عملی سیاسی میں قدم رکھنے کا ارادہ کر چکے ہیں۔نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق وسیم اکرم پنجاب سے تحریک انصاف کا سینیٹ ٹکٹ حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ جبکہ وسیم اکرم کے علاوہ حکومت میں شامل کئی معاون خصوصی اور ٹیکنوکریٹ بھی سینیٹ ٹکٹ حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ ان لوگوں نے پی ٹی آئی ٹکٹ کیلئے لابنگ شروع کردی ہے۔ ٹکٹ لینے والوں میں بابر اعوان، شہزاد اکبر، فردوس عاشق اعوان، عبدالحفیظ شیخ ،عبدالرزاق داؤد، زلفی بخاری، شہباز گل، ملک امین اسلم، محمود مولوی، اشرف قریشی، سیف اللہ نیازی، اعجازچودھری، ارشد داد، ڈاکٹر زرقا اور دیگر شامل ہیں۔جبکہ تحریک انصاف کے ریٹائر ہونے والے سینیٹرز بھی ٹکٹ کیلئے دوبارہ متحرک ہوگئے ہیں۔ اس کے علاوہ ایک قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق سینیٹ الیکشن میں تحریک
انصاف پنجاب کی جانب سے ڈیرہ غازی خان سے وزیراعلیٰ پنجاب کے بھائی کا نام بھی زیر غور ہے۔ جنوبی پنجاب میں پاکستان تحریک انصاف کے اہم سیاسی رہنما جہانگیر ترین اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی قریبی ساتھیوں کے بارے میں سوچ بچار شروع کر دی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں