اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی نے اپنی ہی حکومت میں کرپشن سے متعلق بڑا انکشاف کر دیا۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی میجر (ر) طاہر صادق نے کہا کہ میں نے خود ان کو بتایا ہے کہ نچلی سطح پر بہت زیادہ
کرپشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں خود ذاتی طور پر چار دسمبر کو خان صاحب سے ملا ہوں اور میں نے اُن کو خود یہ بات کہی ہے ۔انہوں نے مجھ سے سوال کیا کہ کیا ڈی سی اور اے سی سے نچلے افسران بھی کرپشن میں ملوث ہیں؟ جس پر میں نے ان سے کہا کہ ڈی سی اور اے سی کیا ، ہر طرف کرپشن بڑھ گئی ہے۔ 1947ء سے لے کر 2018ء تک اتنی کرپشن نہیں ہوئی جتنی اس دور حکومت میں ہو رہی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی میجر (ر) طاہر صادق نے کہا کہ خان صاحب نے اس بات کا نوٹس لیا اور انہوں نے مجھ سے وعدہ بھی کیا کہ اس معاملے پر ایکشن لیا جائے گا۔میں اس بات پر سو فیصد قائل ہوں اور اسی لیے میں نے یہ سب خود خان صاحب کو بتایا ہے۔خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اقتدار میں آنے سے قبل ملک سے کرپشن کے خاتمے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ ہر کرپٹ شخص کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی خواہ اس کا تعلق کسی بھی جماعت سے ہو۔پاکستان تحریک انصاف کے اقتدار میں آنے کے بعد کرپشن کے خلاف بے شمار کارروائیاں کی گئیں جبکہ اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف نیب میں کئی مقدمات بھی بنائے گئے۔ تاہم حکومتی جماعت کے تمام دعوے اور وعدے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ گذشتہ روز ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ 2020ء میں پاکستان میں کرپشن میں اضافہ ہوا ۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کرپشن میں گذشتہ برس کی نسبت اضافہ ہوا۔ کرپشن انڈیکس میں پاکستان 120 سے 124 ویں نمبر پر آ گیا۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کو بنیاد بنا کر حکومت کو اپوزیشن کی جانب سے بھی سخت تنقید کا سامنا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں