اسلام آباد (پی این آئی) نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ناصر حسین شاہ نے کہا کہ انشاء اللہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو گی۔ انہوں نے تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ حکومت کی نا اہلی کا جو وزن ہے ، وہ ان کے اتحادی اور یہاں تک کہ
پاکستان تحریک انصاف کے اپنے رہنما بھی نہیں اُٹھا پا رہے۔جو کچھ ہو رہا ہے سب کے سامنے ہے۔ اب انٹرنیشنل ٹرانسپیرنسی والوں کی کرپشن کے حوالے سے رپورٹ بھی آ گئی ہے۔ عام آدمی سے پوچھیں کہ کیا وہ خوش ہے ؟ جب آپ حکومتی نمائندوں سے کوئی سوال کرتے ہیں تو یہ لوگ بہت مشکل سے جواب دیتے ہیں اور تو اور کسی نے کہا کہ پنجاب کے کچھ شہروں بالخصوص فیصل آباد میں لوگوں کو مزدور نہیں ملتے، اب آپ مجھے بتائیں کہ کیا واقعی فیصل آباد میں ایسا ہے ؟ فیصل آباد والے بھی جب یہ سنتے ہوں گے تو حیران پریشان ہو جاتے ہوں گے کہ فیصل آباد کسی اور ملک میں تو نہیں ہے ؟ کیونکہ ہمارے ہاں تو ایسے حالات نہیں ہیں۔خیال رہے کہ سیاسی حلقوں میں وفاق اور پنجاب میں تبدیلیوں کے لیے کوششوں کی چہ مگوئیاں ہو رہی ہیں جبکہ اپوزیشن کی جانب سے تحریک عدم اعتماد لانے کی بھی بات کی جا رہی ہے جس نے سیاسی حلقوں میں مختلف نوعیت کی بحث کو جنم دے دیا ہے۔ کچھ سیاسی تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ تحریک عدم اعتماد محض وقت گزارنے کا ایک طریقہ ہے جو اپوزیشن استعمال کر رہی ہے جبکہ کچھ سیاسی تجزیہ کاروں اور صحافیوں کا ماننا ہے کہ پی ڈی ایم اس ضمن میں مضبوط ہو چکی ہے ، بالخصوص پاکستان پیپلز پارٹی اس وقت مضبوط پوزیشن میں ہے اور حکومت کے لیے مارچ کا مہینہ مشکل ثابت ہونے والا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں