منتخب نمائندے عوام کے قریب رہیں، وزیر اعظم عمران خان نے پی ٹی آئی ارکان پارلیمنٹ کو اپنے حلقوں میں ہر ماہ کھلی کچہریاں منعقد کرنے کی ہدایت کر دی

ساہیوال (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان سے ساہیوال ڈویژن سے تعلق رکھنے والے پارلیمینٹیرینز اور پاکستان تحریک انصاف کے ممبران کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں رائے محمد مرتضی اقبال، سید صمصام علی بخاری، ملک نعمان احمد لنگڑیال، چوہدری محمد نوریز شکور ، شیخ محمد چوہان، ملک فیصل

جلال ڈھکو، مہر ارشاد حسین کاٹھیا، وحید اصغر ڈوگر، سید محمد مظفر شاہ کھگہ، رائے حسن نواز خان، فیض اللہ کموکا، شکیل احمد نیازی، رانا آفتاب احمد، نبیلہ اعوان، ڈاکٹر مظہر شیرازی اور وسیم رامے شریک تھے۔وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چوہدری سرور بھی ملاقات میں شریک تھے ۔وفد نے ساہیوال کا دورہ کرنے پر وزیراعظم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں سیاسی امور، عوامی فلاح و بہبود، ترقیاتی منصوبوں، خصوصا صحت، تعلیم کی سہولیات کی فراہمی، زرعی شعبے کی ترقی کے حوالے سے جاری اقدامات اور مستقبل کے منصوبوں پر گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں پارلیمنٹیرینز نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے اسلامی فلاحی ریاست کے ویژن کی روشنی میں عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لئے کوشاں ہیں ۔ وزیراعظم عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت کی بدولت دنیا میں پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا۔ اقوام متحدہ میں وزیراعظم کی تقریر سے پاکستان کے عوام کے سر فخر سے بلند ہو گئے ہیں۔ پارلیمینٹیرینز نےساہیوال ڈویژن کی زرعی حوالے سے بے پناہ صلاحیت کے پیش نظرکسانوں کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے وزیراعظم کو تجاویز پیش کیں۔پارلیمینٹیرینز نے وزیراعظم کو ساہیوال ڈویژن میں عوام کو درپیش مسائل کے حل سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم کو تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف ایکشن کے حوالے سے بھی آگاہ

کیا گیا ۔ ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے ممبران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غریب اور کمزور طبقوں کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ مرکوز رکھیں۔ ماضی میں پورے صوبے کی ترقی کو نظر انداز کر کے صرف مخصوص علاقوں پر وسائل خرچ کئے گئے ۔ جب حکومت سنبھالی تو ملک کو تاریخی خسارے کا سامنا تھا۔ فوری طور پر معاشی استحکام کے حوالے سے فیصلے کئے جن کے نتائج میں بتدریج بہتری آرہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کورونا وباکے حوالے سے موثر حکمت عملی اپنائی جس کی پوری دنیا معترف ہے۔ احساس پروگرام کے تحت غریب اور مستحق عوام میں بغیر کسی سیاسی وابستگی کے رقوم تقسیم کی گئیں۔ وزیراعظم عمران خان نےخصوصی ہدایت کی کہ قبضہ مافیا اور بڑے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف فوری ایکشن کرکے ان کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے تا کہ غریب اور کمزور طبقوں کےاستحصا ل کو روکا جا سکے۔ وزیر اعظم نے گورننس میں بہتری کے حوالے سے سیاسی اسٹیک ہولڈرز اور انتظامیہ کے مابین موثر کوارڈینیشن سے عوام الناس کو درپیش مسائل کے ترجیحی بنیادوں پر حل کے لئے ہر ماہ کھلی کچہریوں کے انعقاد کی ہدایت کی ۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں