اسلام آباد (این این آئی)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ ہم نے کورونا وائرس کی 2 لاکھ ویکسین منگوانے کا آرڈر دے دیا ہے جو ابتدائی طور پر سینیٹرز اور پارلیمنٹ کے عملے کو لگائی جائیگی۔ایک انٹرویومیں سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ ‘میں نے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان سے بات کی اور
پوچھا کہ آپ ویکسینز کی منظوری کیوں نہیں دے رہے، اگر حکومت فیصلہ نہیں کر رہی اور ویکسین نہیں منگوا رہی تو کم از کم نجی شعبہ منگوا لے۔انہوں نے کہا کہ فیصل سلطان نے جواب دیا کہ ہم نے منظوری دے دی ہے اور لوگ اپنے طور پر منگوا سکتے ہیں اس پر میں نے معاون خصوصی سے کہا کہ ویکسین تو اس وقت جان بچانے والی دوا کی طرح ہے، لوگ مر رہے ہیں اور انہیں معلوم نہیں کہ ویکسین لینے کہاں جائیں اور کس طرح خود کو وائرس سے بچائیں، اس صورت میں کوئی پیپرا رول کی ضرورت نہیں ہے اور وزیر اعظم ویکسین کے حصول کو اس سے مستثنیٰ قرار دے سکتے ہیں۔سلیم مانڈوی والا نے بتایا کہ ویکسین کے سلسلے میں سینیٹ نے ایک قدم اٹھا لیا ہے اور چینی سفارتخانے یا چینی وزارت خارجہ کے ذریعے 2 لاکھ ویکسین کا آرڈر دے دیا ہے، جو ابتدائی طور پر سینیٹرز اور پارلیمنٹ کے عملے کو لگائی جائے گی تاہم انہوں نے وضاحت نہیں کی کہ چین کی کس کمپنی کی ویکسین حاصل کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ارکان سینیٹ اور عملے کے بعد باقی لوگوں کو ویکسین لگانے کے لیے بھی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں