اسلام آباد(آئی این پی) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی کو صوبائی حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے، آئندہ سال ارکان پارلیمنٹ کو کروڑوں روپے کے ترقیاتی فنڈز دینگے،صوبائی حکومت ساتھ دے یا نہ دے ہم اپنی ذمہ داری ادا کریں گے،پی ڈی ایم نے جلسوں پر پورا زور لگا کر دیکھ لیا، عوام ان
کے ساتھ نہیں، یہ الیکشن کمیشن میں ہمیں پھنسانا چاہتے تھے، اب خود پھنس گئے ہیں، اپوزیشن ہمارے لیے کوئی مسئلہ نہیں، غریب کا احساس کریں گے تو باقی معاملات بھی ٹھیک ہوں گے، براڈشیٹ معاملے پرکمیشن بنا دیا ہے، سرے محل اورحدیبیہ پیپرملزکیس کی بھی مکمل تحقیقات ہوں گی ۔ بدھ کو نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی اوراتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔اجلاس میں وزیرخزانہ حفیظ شیخ نے قرضوں اورمعاشی صورتحال جبکہ اسد عمر نے کراچی ترقیاتی پلان پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں کچھ ارکان کی گورنر سندھ عمران اسماعیل، سیف اللہ نیازی، وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اور معاشی ٹیم پر تنقید کی۔پارٹی رکن نور عالم خان نے وزرا ء کے احتساب کا مطالبہ کیا اور کہا کہ دال، چینی کچھ بھی عوام کو نہیں مل رہا، وزیراعظم کے مشیر وزیر سبز باغ دکھا رہے ہیں جبکہ عبدالحفیظ شیخ 2008 میں بھی یہی باتیں کرتے تھے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پی ڈی ایم نے جلسوں پر پورا زور لگا کر دیکھ لیا، عوام ان کے ساتھ نہیں، یہ الیکشن کمیشن میں ہمیں پھنسانا چاہتے تھے، اب خود پھنس گئے ہیں، اپوزیشن ہمارے لیے کوئی مسئلہ نہیں، غریب کا احساس کریں گے تو باقی معاملات بھی ٹھیک ہوں گے، براڈشیٹ معاملے پرکمیشن بنا دیا ہے، سرے محل اورحدیبیہ پیپرملزکیس کی بھی مکمل تحقیقات ہوں گی۔وزیراعظم نے حکومت کے آخری سال ارکان پارلیمنٹ کو 50 کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈز دینے کا اعلان کیا۔اجلاس میں کراچی پلان پرتنقید کرتے ہوئے نجیب ہارون نے کہا کہ 2023 تک کچھ نہیں
ہوگا، کے فورمنصوبہ مکمل ہوگا نا ہی نالے صاف ہوں گے۔ارکان نے کہا کہ سندھ میں پارٹی میں گروپنگ زیادہ ہے، مفادات کا کھیل چل رہا ہے،کراچی کو صوبائی حکومت کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتے، صوبائی حکومت ساتھ دے یا نہ دے ہم اپنی ذمہ داری ادا کریں گے جبکہ پہلی دفعہ کراچی ٹرانسفارمیشن پلان پر سنجیدگی سے کام ہو رہا ہے۔اجلاس میں اقلیتی رکن جے پرکاش نے مندر گرانے کا مسئلہ اٹھایا جس پر وزیراعظم نے جے پرکاش کی تعریف کی ۔جے پرکاش نے کہا کہ تھرپارکر پیکج کا وزیراعظم نے اعلان کیا لیکن اس پر عمل درآمد نہیں ہوسکا۔ ذرائع کے مطابق تھرپارکر پیکج پر عمل درآمد کی ذمہ داری شاہ محمود قرییشی کو سونپ دی ۔وزیراعظم عمران خان نے شاہ محمود قریشی کو تھرپارپیکج پر جلد عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی ۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کرک مندر گرانے والے ایک سو پچاس افراد کو گرفتار کر لیا
گیا ہے ۔ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے ،کرک مندر کو دوبارہ بنایا جا رہا ہے ،اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے ، مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات کر رہے ہیں ۔کراچی کے تین ہسپتالوں کو وفاق کو منتقلی کے معاملے پر آفتاب صدیقی نے کہا کہ سندھ حکومت ہسپتالوں کا سامان دوسرے ہسپتالوں میں منتقل کر رہی ہے ،ایسا نہ ہو وفاقی حکومت کو صرف ہسپتالوں کا سٹرکچر ملے ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹر فیصل سلطان کو سندھ کے تینوں ہسپتال وفاق کو منتقلی کا معاملہ جلد حل کرنے کی ہدایت کی ۔ اس حوالے سے ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ مسئلے کے حل کیلئے کمیٹی بنا رہے ہیں ، جلد تینوں ہسپتال وفاق کو منتقل ہو جائیں گے ، کمیٹی میں جو ارکان شامل ہونا چاہتے ہیں اپنے نام دے دیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں