اسلام آباد (آئی این پی) اپوزیشن جماعت پاکستان مسلم لیگ(ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی جس کے مطابق راجہ ظفر الحق اور شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاس میں ہوا جس میں پارٹی کی نائب صدر مریم نواز نے بھی شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں بیشتر ارکان نے وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی مخالفت کی اور ارکان نے رائے دی کی کہ وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد نوازشریف کے بیانیے کی نفی ہوگی۔بیشتر ارکان کی رائے تھی کہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کیلئے کسی کا سہارا لینا ہوگا، ان قوتوں کاسہارا لیناپڑے گا جنہیں ہم پارلیمنٹ سے باہر کرنا چاہتے ہیں۔ارکان کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد کا حتمی فیصلہ پی ڈی ایم کرے گی لیکن ایساہونا نہیں چاہیے۔اس موقع پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد پرپارٹی موقف پی ڈی ایم اجلاس میں پیش کریں گے۔اجلاس میں تمام ارکان کی ہاتھ اٹھاکر نوازشریف کے ووٹ کوعزت دو کے بیانے کی تائید کی۔ ٹی وی رپورٹ کے مطابق اجلاس میں سینیٹر رانا مقبول نے کہاکہ مریم نواز جرات کے ساتھ نواز شریف کا موقف لے کر چل رہی ہیں جبکہ جاوید لطیف نیکہاکہ نوازشریف کے بیانیے کی ترجمانی پی ڈی ایم جلسوں میں نظرآرہی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ علی گوہر نے کہاکہ مریم نواز کو جہاں ضرورت پڑی ہم شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے جبکہ سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہاکہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر موثر حکمت عملی اپنانا ہوگی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں