پاکستان میں کورونا ویکسین کی قیمت کیا ہوگی؟ حکومت کی جانب سے اہم فیصلے کا امکان

اسلام آباد(آئی این پی )وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس (آج)  منگل کوہوگا،اجلاس میں پاکستان میں کورونا ویکسین کی قیمت کیا ہوگی؟ اس حوالے سے فیصلہ کیا جائیگا۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کورونا ویکسین کی قیمت طے

کیے جانے کا امکان ہے۔اس حوالے سے پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر نوشین حامدنے کہا کہ حکومت نجی سیکٹر سے پہلے ویکسین ملک میں لے آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ نجی سیکٹر کو ویکسین منگوانے کی اجازت دی گئی ہے تاہم حکومت پہلے ہی ویکسین لے آئے گی اور عوام کو مفت ویکسین فراہم کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس کا سترہ نکاتی ایجنڈا بھی جاری کر دیا گیا ہے جس میں کابینہ کمیٹیوں کی تشکیل نو کی منظوری بھی دیئے  جانے کا امکا ن ہے ۔اجلاس میں رواں مالی سال کے لئے نادرا اکائونٹس آڈٹ کے معاملے پر بھی غور کیا جائے گا ،کورونا ویکسین کی قیمت کا تعین کیا جائے گا ۔ ورکرزویلفیئر فنڈز ، نیا پاکستان  ہائوسنگ کے درمیان مفاہمتی یادداشت بھی کابینہ اجلاس کے ایجنڈے کا حصہ ہے ۔ وفاقی کابینہ کو ادارہ جاتی اصلاحات پر بریفنگ دی جائے گی ۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے ادارہ جاتی ڈھانچے کی تشکیل نو پر غور کیاجائے گا ۔ اجلاس میں کابینہ کمیٹی ادارہ جاتی اصلاحات کے گزشتہ دو اجلاسوں کے فیصلوں ، ای ای سی کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے فیصلوں کی بھی توثیق کی جائے گی ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close