50لاکھ لے لیں اور عوام کی جان چھوڑ دیں، گورنر سندھ کو پیشکش کر دی گئی

کراچی (پی این آئی)امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نےگورنر سندھ عمران اسماعیل کو 50 لاکھ روپے کی آفر دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سٹیل ایک باوقار اور منافع بخش ادارہ رہا ہے،وزیر اعظم عمران خان اور اسد عمر حکومت میں آنے سے قبل وعدہ کرتے تھے کہ وہ ملازمین اور مزدوروں کے حقوق کا تحفظ

کریں گے اور ادارے کو بحال کرکے چلاکے دکھائیں گےمگر اپنے دیگر وعدوں کی طرح یہ وعدہ بھی وہ بھول گئے،ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کرنے والوں نے برسرروزگار لوگوں کو بے روزگار کر دیا، گورنر سندھ کہتے ہیں کہ نکالے جانے والے مزدوروں کو 25لاکھ روپے دیئے جائیں گےلیکن اب تک کسی کو یہ رقم نہیں دی گئی ،ایک ملازم کی رسید خود میں نے دیکھی ہے جسے 5لاکھ روپے دیئے گئے ہیں، ہم گورنر سندھ سے کہتے ہیں کہ وہ 50لاکھ لے لیں اور عوام کی جان چھوڑ دیں۔سٹیل ٹاؤن کراچی میں ملازمین کےدھرنےسےخطاب میں سراج الحق نےکہاہےکہ کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے ادارے تباہ و برباد ہوگئے، پاکستان سٹیل ایشیا کا سب سے بڑا ادارہ اور معیشت میں اس کا اہم کردار تھا، ظالم درندوں اور کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے آج سٹیل مل تباہ و برباد ہوگیا،حکومت کو چاہیے تھا کہ ادارے کی ناکامی کے ذمہ داران کے خلاف تحقیقات کرتی لیکن موجودہ حکمرانوں نے مظلوم ملازمین کو بے روزگار کیا اور کھلے آسمان تلے چھوڑ دیا،اسلام آباد میں بیٹھے حکمران نا اہل اور نالائق ہی نہیں بےحس بھی ہیں ،ان کو غریبوں کے دکھ درداور مشکلات کا کوئی احساس نہیں ہے،آج یہاں دھرنا دینے والے ملازمین کے ساتھ ان کی مائیں،بہنیں اور بیٹیاں بھی شامل ہیں لیکن کسی حکومتی عہدیدار کو توفیق نہیں ہوئی کہ وہ ان کے پاس آکر مسئلہ حل کرائے، سٹیل مل ملازمین نے اپنی ساری زندگی وقف کردی، آج انہیں بے روزگار کردیا گیا۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہم نے پاکستان سٹیل مل سے متعلق سینیٹ میں قرارداد پیش کی، سینٹ میں سوالات اٹھائے، جس پر بیوروکریسی اور حکومت جوابات نہ دے سکی،جماعت اسلامی پاکستان سٹیل مل کے مزدوروں کی پشت پر موجود ہے، وزیر اعظم عمران خان بتائیں کہ قوم کے نوجوان کیوں بے روزگار ہیں؟ آج ملک میں ظلم کا نظام قائم ہے، یہاں کمزور طبقے پر ظلم ڈھایا جاتا ہے ، ہم مزدوروں کو بے روزگار کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close