جنرل اسمبلی میں مذہبی مقامات کے تحفظ کی قرار داد پاکستان اور سعودی عرب کی کوششوں کا نتیجہ ہے، مولاناطاہر اشرفی

لاہور( این این آئی)اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مذہبی مقامات کے تحفظ کی قرار داد پاکستان اور سعودی عرب کی کوششوں کا نتیجہ ہے ، او آئی سی کے ممالک کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہیں،قرار داد وزیر اعظم عمران خان کے اسلامک فوبیااور ہندوستان میں اقلیتوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف کوششوں کا نتیجہ

ہے،۔عراق میں ہونے والے بم دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، دہشتگرد ی اور انتہا پسندی کے خلاف عراقی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں ، امت مسلمہ کو دہشت گردی اور انتہاپسندی ، اسلامک فوبیا کے خلاف متحد او ر منظم ہونا ہے ۔ یہ بات چیئرمین پاکستان علما کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اپنے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کو اسلامی تعاون تنظیم کے ممالک کے تعاون سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مذہبی مقامات کے تحفظ کیلئے قرارداد میں کامیابی ملی ہے ۔پاکستان چاہتا ہے کہ امت مسلمہ متحدہو کر اپنے مقدسات اور مسلمانوں کے حقوق کا تحفظ کرے، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے منظور ہونے والی قرارداد اس بات کی گواہی ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے موقف کو دنیا میں تسلیم کیا جا رہا ہے ۔ اسلامی تعاون تنظیم کے وزرا خارجہ کے اجلاس میں متفقہ قرارداد کی منظوری کے بعد اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں قرار داد کا منظور ہونا اسلامی ممالک کے ساتھ پاکستان کے مضبوط تعلقات اور خارجہ پالیسی کی کامیابی کی دلیل ہے ۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ہندوستان میں جس طرح تمام اقلیتوں کے مقدس مقامات کی توہین کی جا رہی ہیاور بابری مسجد سمیت ہزاروں مساجد ، چرچ ، گوردواروں کو نشانہ بنایا گیا ہے اس پر

ہندوستان کے خلاف فوری فوری اقدامات کی ضرورت ہے ۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مذہبی مقامات کے تحفظ کی قرارداد پر سعودی عرب اور عالم اسلام کے دیگر ممالک کے قائدین کا شکریہ ادا کیا۔دریں اثنا حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اپنے ایک بیان میں عراق میں ہونے والے بم دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام عراق کی عوام اور حکومت کے ساتھ ہے ، دہشت گردی اور انتہا پسندی نے پوری دنیا کو نشانہ بنا رکھا ہے اور اسلامی ممالک ، عرب ممالک کا امن و سلامتی دہشت گردوں کا اہم ہدف ہیں لہذا دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے موثر حکمت عملی بنانے اور متحدہو کر جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسلام کا نام لے کر بے گناہ انسانیت کو قتل کرنے والے دراصل اسلام کے دشمن ہیں۔اسلام بے گناہ انسانیت کے قتل سے بری ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان علما کونسل مئی میں پانچویں عالمی پیغام اسلام کانفرنس اسلام آباد میں منعقد کرے گی جس میں عالم اسلام کی اہم شخصیات شریک ہوں گی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close