لاڑکانہ (پی این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی نے حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان کردیا ، بلازرداری کہتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان ، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ انڈسٹریل زون کی افتتاحی تقریب
سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غیر جمہوری طاقت کو نکالنا جانتے ہیں ، پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم کے تحت حکومت کے خلاف نکلے ہیں ، پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ کے پلیٹ فارم سے ہی ناجائز حکومت کو گھر بھیجیں گے ، جب ہم حملہ کریں گے تو کٹھ پتلی کو گھر جانا ہو گا ، کیوں کہ عمران خان کی حکومت نے معیشت کو تباہ کردیا ہے ، مشکل معاشی صورتحال کے دوران وفاق نے عوام کو لاوارث چھوڑ دیا ، وفاقی حکومت نے ایک کروڑ نوکریاں دینے اور 50 لاکھ گھر بنانے کا وعدہ کیا تھا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 2 سال میں پاکستان کی معیشت کو جو نقصان ہوا وہ پہلے کبھی نہیں ہوا ، ہمارا گروتھ ریٹ افغانستان اور بنگلہ دیش سے بھی پیچھے ہے ، موجودہ حکومت ڈنڈے کے ساتھ ٹیکس لینا چاہتی ہے اور ملک چلانا چاہتی ہے ، جب کہ سندھ حکومت نے وفاق کے مقابلےمیں زیادہ ٹیکس جمع کیا ، ہمارا سیلز ٹیکس کا ریٹ بھی باقی صوبوں سے کم ہے ، ہم نے بزنس کمیونٹی کو سہولیات دینی ہیں کیوں کہ ہم یہ چاہتے ہیں کہ مل کر کام کریں اور آگے بڑھیں۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ اپنے منشور کے تحت عوام کی خدمت کی ہے ، اس سلسلے میں سندھ حکومت نے اپنی مثال قائم کردی ہے ، پیپلزپارٹی کا منشور ہے کہ عوام کو روزگار دیا جائے ، اس لیے لاڑکانہ انڈسٹریل زون کا افتتاح کرکے خوشی ہورہی ہے کیوں کہ سی پیک کا روٹ لاڑکانہ سے گزرتا ہے ، انڈسٹریل زون سے عوام کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں