راولپنڈی(آئی این پی) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جسٹس (ر)عظمت سعید کو براڈ شیٹ انکوائری کمیٹی کا سربراہ بنانا درست فیصلہ ہے، وہ انتہائی شفاف اور معتبر ججز میں سے ایک ہیں، انکوائری کمیٹی میں کوئی سرکاری وزیر شامل نہیں، لیکن اپوزیشن کو براڈ شیٹ کی تحقیقات کے لئے
افتخار چوہدری اور ملک قیوم چاہیے،اپوزیشن سینٹ الیکشن میں بھی اوپن بیلٹ کا موقع گنوا رہی ہے، الیکشن کا شیڈول کسی بھی وقت آسکتا ہے اس کا ٹائم ہوگیا ہے۔جمعہ کوبارانی یونیورسٹی میں ہائیڈرو بائیونک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ بجلی کیوں مہنگی کرنا پڑی اس کا سبب نواز شریف کی حکمت عملی ہے، دس ہزار میگا واٹ بجلی جس کی ضرورت نہیں تھی اس کامعاہدہ نواز شریف نے کیا، بجلی بنے نہ بنے ہمیں پیسے دینا ہیں، 42فیصد بجلی کے کارخانے باہر سے آنے والے فیول پر ہیں، انڈے فیڈ کی بنا پر مہنگے ہوئے، گھی اور چینی کی قیمت کی ہم نے رپورٹ لیں، ہر سال اربوں کی دالیں ،خوردنی تیل باہر سے منگواتے ہیں یہ مہنگائی کی وجہ ہے۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مریم نواز جب جلسوں پر نکلتی ہیں مہنگے ترین ڈیزائنر کے کپڑے پہنتی ہیں، 10،10 کروڑ کی گاڑیاں ان کے ساتھ ہوتی ہیں، نوازشریف لندن میں شاپنگ کرتے ہیں، وہ بتائیں کہ شریف خاندان کے پاس پیسہ کہاں سے آیا، ہمیں کسی کو جیل میں رکھنے کا شوق نہیں، ہمارا مقف ہے کہ جو پاکستان کے لوگوں کا پیسہ ہے وہ واپس کردیں اور جہاں مرضی ہے جائیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں چائنہ اور بھارت نے کورونا ویکسین بنا لی آپ نہ بنا پائے، اگر 70کی دہائی کی طرح کام کرتے تو ویکسین کے لیے باہر نہ دیکھتے، جے ایف
تھنڈر کے 60فیصد، الخالد ٹینک کے 65فیصد پرزے ہم خود بناتے ہیں مگر اپنا فون نہیں بنا سکے، آج آلومٹرگاجر فروخت کر کے ترقی نہیں کی جاسکتی، سائنس و ٹیکنالوجی کی ترقی، جدید زراعت و مشینری کی ضرورت ہے، جدید دنیا کسی مولوی سیاست دان نے نہیں بنائی بلکہ مختلف یونیورسٹیوں کے طلبا نے بنائی، دنیا کو سائنسدان نے آگے لے کر جانا ہے۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جسٹس (ر)عظمت سعید کو براڈ شیٹ انکوائری کمیٹی کا سربراہ بنانا درست فیصلہ ہے، وہ انتہائی شفاف اور معتبر ججز میں سے ایک ہیں، انکوائری کمیٹی میں کوئی سرکاری وزیر شامل نہیں، لیکن اپوزیشن کو افتخار چوہدری اور ملک قیوم چاہیے۔ اپوزیشن سینٹ الیکشن میں بھی اوپن بیلٹ کا موقع گنوا رہی ہے، الیکشن کا شیڈول کسی بھی وقت آسکتا ہے اس کا ٹائم ہوگیا ہے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں