حکومت نے ای پاسپورٹ سروس کے آغاز کا اعلان کر دیا، 191ممالک کے شہریوں کیلئے آن لائن ویزے کی سہولت متعارف

اسلام آباد (پی این آئی) حکومت کی جانب سے ای پاسپورٹ سروس کے آغاز کی تاریخ کا اعلان، یکم مئی 2021 سے سروس کا باقاعدہ آغاز ہوگا، 191 ممالک کے شہری آن لائن ویزہ حاصل کر سکیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے بھی دنیا کے دیگر کئی ممالک کی طرح ای پاسپورٹ سروس متعارف کروانے کی

تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ اس حوالے سے بدھ کے روز وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی جانب سے اہم اعلان کیا گیا۔وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ پاکستان یکم مئی 2021 سے ای پاسپورٹ سروس کا آغاز کر دے گا، جبکہ ای ویزا سروس کا آغاز یکم جنوری 2021 سے کرچکے ہیں۔ ای ویزہ سروس کے آغاز کے بعد 191ملکوں کے شہر یوں کو آن لائن ویزا دے رہے ہیں۔ اس وقت پڑوسی ملک افغانستان سے ای ویزہ کیلئے سب سے زیادہ درخواستیں موصول ہو رہی ہیں۔جبکہ ای پاسپورٹ سے انسانی سمگلنگ روکنے میں بہت مدد ملے گی۔شیخ رشید احمد کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان نے وزارت داخلہ میں بارڈر مینیجمنٹ ونگ قائم کردیا ہے، ملک میں انسانی سمگلنگ اور مصنوعات کی غیر قانونی نقل و حمل روکنے کے حوالے سے جامع اقدامات کررہے ہیں۔ جبکہ آسٹریلیا نے پاکستان کو بارڈر مینیجمنٹ کو بہتر کرنے کے لئے تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی پیش کش کی ہے۔ یہاں واضح رہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے گزشتہ ڈھائی سال کے دوران ملک میں سیاحتی شعبہ کے فروغ کیلئے کئی اہم اقدامات اٹھانے کی کوشش کی ہے۔وفاقی حکومت خاص کر غیر ملکی سیاحت کو فروغ دینے کیلئے بھرپور کوششوں میں مصروف ہے۔ غیر ملکی سیاحوں کو پاکستان کی جانب راغب کرنے کیلئے ہی ای پاسپورٹ اور ای ویزہ جیسی سہولیات متعارف کروائی گئی ہیں۔ ایسے کئی ممالک ہیں جن کے شہریوں کو بنا ویزہ کے پاکستان آمد کی اجازت ہے، ان غیر ملکیوں کو پاکستان آمد پر ویزہ جاری کیا جاتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close