اسلام آباد (پی این آئی) ملک میں کورونا وائرس کے باعث ہونے والی اموات کی تعداد 11 ہزار سے تجاوز کر گئی، پاکستان میں مہلک وبا کے باعث کل اموات 11 ہزار 55 ہو گئیں، مصدقہ کیسز کی تعداد 5 لاکھ 23 ہزار سے زائد ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار
بتاتے ہیں کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث اب تک 11 ہزار سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے۔این سی او سی کی یومیہ رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 36 ہزار 513 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جس کے نتیجے میں مزید ایک ہزار 800 مثبت کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ یوں پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 23 ہزار 011 ہوگئی۔ جبکہ مزید 58 اموات سے کل اموات 11 ہزار 55 ہوگئیں۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کورونا ویکسین کے حصول سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں وزیرخزانہ نے کورونا کے پاکستان اور دنیا کی معیشت پر پڑنے والے اثرات پر بریفنگ دی۔وزیراعظم کو معاون خصوصی صحت اور اسد عمر نے بھی بریفنگ دی، وزیراعظم کو بتایا گیا کہ چند دنوں میں 2 ویکسین کے ایمرجنسی استعمال کی منظوری دی گئی، ان منظورشدہ ویکسین کے حصول کی کوشش کی جارہی ہے، سال کی پہلی سہ ماہی مارچ میں ویکسین کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔وزیراعظم نے ویکسین کے حصول کیلئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا شکرہے کہ کورونا کیسز میں کمی آنا شروع ہوگئی، ہسپتالوں پر دباؤ کم ہوگیا۔ این سی اوسی کا ماڈل انتہائی کامیاب رہا، مئوثر حکمت عملی کا نفاذ ممکن ہوا۔ پاکستان واحد ملک ہے جہاں کورونا وباء میں مکمل لاک ڈاؤن کی بجائے غریب اور دیہاڑی دار طبقات کا سوچا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں