لاہور (پی این آئی) وفاقی وزیر کے مطابق ہو سکتا ہے کہ بلاول بھٹو کو این آر او مل گیا ہو۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر علی احمد خان کی جانب سے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے بڑا اعتراف کیا گیا ہے۔ سینئر صحافی ندیم ملک کی جانب سے بلاول بھٹو کی
پی ڈی ایم کے الیکشن کمیشن سامنے احتجاج میں شرکت نہ کرنے کے فیصلے سے متعلق سوال کیا گیا، جس کے جواب میں علی محمد خان کی جانب سے ڈھکے چھپے الفاظ میں بڑا اعتراف کر لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ بلاول بھٹو کو این آر او مل گیا ہے، اسی لیے انہوں نے پی ڈی ایم کے احتجاج میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ان کے اس دعوے پر سینئر صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ بلاول بھٹو کو کس نے اور کیوں این آر او دیا، اس کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ انہیں نہیں معلوم کے بلاول بھٹو کو این آر او ملا یا نہ ملا، اور اگر مل گیا ہے تو کس نے این آر او دیا۔یہاں واضح رہے کہ پی ڈی ایم کی جانب سے گزشتہ ماہ لاہور کے مینار پاکستان پر حکومت مخالف تحریک کے سلسلے میں اپنے سب سے بڑے جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا تھا۔ پی ڈی ایم لاہور کے مینار پاکستان پر توقعات کے برعکس متاثر کن جلسہ کرنے میں ناکام رہی، جس کے بعد اطلاعات آنے لگیں کہ پی ڈی ایم اتحاد میں دراڑیں پڑ چکی ہیں۔ مریم نواز اورمولانا فضل الرحمان کی جانب سے اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرنے اور عسکری قیادت کو مسلسل نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رکھا گیا، جس پر پیپلز پارٹی کی جانب سے شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔مینار پاکستان جلسے کے بعد بھی پی ڈی ایم کی جانب سے جلسوں کا انعقاد کیا گیا، تاہم بلاول بھٹو نے ن لیگ یا جے یو آئی ف کی میزبانی میں ہونے والے جلسوں میں شرکت کرنا چھوڑ دی، جس کے بعد سے قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ ممکنہ طور پر پیپلز پارٹی پی ڈی ایم اتحاد سے دور ہو کر اپنے لیے ریلیف حاصل کر چکی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں