اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان نے مزید 5 لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، وزرات صنعت و پیداوار حماد اظہر نے کہا کہ درآمدی چینی کنٹرول ریٹ پر پرچون سطح پر فراہم کریں، صوبوں کو درآمدی چینی پر سبسڈی دینے کی سفارش کی جائے گی۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ٹی سی پی صوبوں کی
مشاورت کے بعد قبل ازوقت چینی درآمد کرےگا۔وزرات صنعت و پیداوار نے 5 لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کی سمری اقتصادی رابطہ کمیٹی کو بھجوا دی ہے۔ سمری اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کی جائے گی۔ ابتدائی اعداد وشمار کے مطابق ملکی سطح پر چینی کی زائد پیداوار متوقع ہے۔ چینی کے کیری اوورذخائر کم ہیں۔ صوبوں کو ہدایت کی جائےگی۔ درآمدی چینی کنٹرول ریٹ پر پرچون سطح پر فراہم کریں۔صوبوں کو درآمدی چینی پر سبسڈی دینے کی سفارش کی جائے گی۔ حماد اظہر نے کہا کہ کین کمشنر کے مطابق گنے کی وافر مقدار میں فراہمی جاری ہے۔ دوسری جانب کین کمشنر پنجاب محمد زمان وٹو نے چینی اور گنے کی نایابی بارے خبروں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ چینی اور گنے کی کمی یا شارٹیج کی خبروں میں قطعا کوئی صداقت نہیں۔ پنجاب میں چینی کا وافر سٹاک موجود ہے۔کسی قسم کی شارٹیج کا اندیشہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پنجاب کی شوگر ملوں میں اٹھارہ لاکھ میٹرک ٹن چینی موجود ہے جبکہ صوبے میں گنا وافر مقدار میں دستیاب اور کرشنگ کا عمل متواتر جاری ہے۔ محمد زمان وٹو نے کہا کہ منافع خور عناصر ایسی بے بنیاد خبروں سے چینی کی قیمتیں بڑھانا چاہتے ہیں۔ ان کی اس سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ کین کمشنر پنجاب نے مزید کہا کہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ کسی کو کسی قسم کا ناجائز فائدہ نہیں اٹھانے دیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں