کورونا وائرس بڑھنے لگا، کئی علاقوں میں سمارٹ لاک ڈائون نافذ کرنے کا فیصلہ

پشاور (پی این آئی) پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے شہر بھر میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق پشاور ضلعی انتظامیہ کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پشاور میں یکہ توت تھانے کی حدود میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے گا۔اس کے علاوہ اسمارٹ لاک ڈاؤن حیات آباد فیز 3 اور 5 کے

مختلف سیکٹرز میں بھی لگایا جائے گا۔پشاور کے ورسک روڈ اور کوہاٹ روڈ کے 2 مقامات پر بھی لاک ڈاؤن ہو گا جبکہ اسمارٹ لاک ڈاوَن کے دوران ان علاقوں میں غیر ضروری آمدورفت پر پابندی عائد ہو گی۔ ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کا کہنا تھا کہ لاک ڈاوَن کا نفاذ شام 6 بجے سے ہو گا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ملک بھر میں کورونا کے وار تاحال جاری ہیں۔گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے 45 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 10 ہزار 908 ہوگئی۔جبکہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 2432 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 5 لاکھ 16 ہزار 770 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 432 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 48 ہزار 488، سندھ میں 2 لاکھ 33 ہزار 396، خیبر پختونخوا میں 62 ہزار 996، بلوچستان میں 18 ہزار 537، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 882، اسلام آباد میں 39 ہزار 888 جبکہ آزاد کشمیر میں 8 ہزار 583 کیسز رپورٹ ہوئے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ قومی ادارہ صحت نے پاکستان میں کورونا کی نئی قسم کی تصدیق کر دی ہے۔ قومی ادارہ صحت کے مطابق دو پاکستانیوں میں کورونا وائرس کی نئی قسم پائی گئی۔ دونوں شہری برطانیہ سے وطن واپس آئے۔ وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ کورونا کی نئی قسم کے چار مشکوک مریضوں کا تعلق لاہور سے ہے۔ چاروں کے ٹیسٹ لے کر این آئی ایچ بھجوا دیے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close