مسلم لیگ ق کے پارٹی الیکشن، مرکزی صدر اور سیکرٹری جنرل کا عہدے پر انتخابی عمل مکمل کر لیا گیا، کون کون کامیاب ہوا؟

لاہور(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ کی تنظیمی سرگرمیاں پورے ملک میں گزشہ سال اکتوبر 2020ء سے جاری تھیں تحصیل اورضلعی تنظیمیں مکمل ہونے کے بعد چاروں صوبوں پنجاب، سندھ، خیبرپختونخواہ، بلوچستان، ناردرن ایریا گلگت بلتستان اور اسلام آباد کیپٹل میں تنظیم سازی مکمل ہوئی جس کے بعد آج پاکستان

مسلم لیگ کے مرکزی الیکشن مسلم لیگ ہائوس لاہور میں منعقد ہوئے۔ مرکزی الیکشن کمیشن کے اجلاس کی صدارت جہانگیر اے جھوجہ ایڈووکیٹ نے فرمائی اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن چودھری امتیاز احمد رانجھا سابق ایم پی اے، محترمہ فرخ خان ایم این اے رانا خالد منظور اور میاں عمران مسعود سابق صوبائی وزیر تعلیم بھی موجود تھے۔ پندرہ روز قبل جاری شدہ انتخابی شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی وصول کیے گئے جس میں صدارت کیلئے چودھری شجاعت حسین اور سیکرٹری جنرل کیلئے چودھری طارق بشیر چیمہ وفاقی وزیر ہائوسنگ کے کاغذات نامزدگی وصول ہوئے، دونوں امیدواروں کے خلاف کوئی امیدوار مقابلے کیلئے سامنے نہ آنے پر الیکشن کمیشن نے کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد دونوں امیدواروں کو بلامقابلہ منتخب قرار دے دیا۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے صوبہ سندھ کے صوبائی الیکشن میں محمد طارق حسن صدر اور کنور ارشد خان جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے۔ صوبہ بلوچستان کے صوبائی پارٹی الیکشن میں سعید الحسن مندوخیل صد راور ایس آر ناصر صوبائی جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے، صوبہ خیبرپختونخواہ کے صوبائی پارٹی الیکشن میں محبوب اللہ جان سابق ایم این اے صدر اور وجیع الزمان خان سابق ایم پی اے، سابق صوبائی وزیر جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے۔ پنجاب کے صوبائی پارٹی الیکشن میں چودھری پرویزالٰہی صدر اور

سینیٹر کامل علی آغا صوبائی جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے، گلگت بلتستان کے صوبائی پارٹی الیکشن میں اسد اللہ خان ایڈووکیٹ صدر اور آصف احمد قریشی جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے، اسلام آباد کیپٹل کیلئے رضوان صادق صدر اور چودھری محمد جہانگیر جنرل سیکرٹری منتخب ہوچکے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سطح پر الیکشن کے بعد انتخابی سرگرمیاں مکمل ہوگئی ہیں اجلاس میں مرکزی صدر کو تین قراردادوں کے ذریعے تنظیمی اور انتظامی اختیارات تجویز کردیئے گئے۔ پانچوں صوبوں کی صوبائی تنظیموں کی طرف سے نومنتخب صدر پاکستان مسلم لیگ چودھری شجاعت حسین سے بھر پور اعتماد پرچودھری شجاعت حسین نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ صوبائی تنظیمیں ہر سطح پر مسلم لیگ کو فعال اور منظم کریں۔ پاکستان مسلم لیگ کو فعال، مضبوط اور منظم بناکر ہی پاکستان کا استحکام یقینی بنایا جاسکتا ہے انہوں نے کہا کہ اس وقت غریب آدمی کے حالات مایوس کن ہیں اسی لئے میں نے حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ ملک میں تمام بڑے منصوبے دو تین سال کیلئے معطل کرکے تمام وسائل کو غریب اور عام آدمی کی فلاح و بہبود اوران کی حالت کو بہتربنانے کیلئے صرف کئے جائیں۔ انہوںنے کہا کہ عام اور غریب آدمی کی زندگی میں بہتری آنے سے ہی ملک کا دفاع اور سلامتی یقینی بنائی جاسکتی ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close