دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی، ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے غیر ملکی فنڈز لینے کے الزام پر تحقیقات کرانے کی پیش کش کر دی

شیخوپورہ(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے مرکزی سینئر رہنما و پبلک اکائونٹس کمیٹی کے چیئرمین رانا تنویر حسین ایم این اے نے کہا ہے کہ براڈ شیٹ کا ٹویٹ وزیر اعظم کیلئے چارج شیٹ ہے قومی طیارے کو ملائشین حکومت کی طرف سے تحویل میں لینے سے ایک بار پھر وزیر اعظم کی نااہلی و نالائقی کھل کر

سامنے آگئی ہے ،فارن فنڈنگ کیس کے فیصلہ کیلئے پی ڈی ایم 19جنوری کو الیکشن کمیشن کے باہر بھرپور احتجاج کرے گی، وزیر اعظم کی خواہش پر نواز لیگ اور پیپلز پارٹی غیر ملکی فنڈز لینے کے الزام پر تحقیقات کروانے کو تیار ہے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوسکے، حکومت کے خلاف لانگ مارچ حتمی فیصلہ ہے جبکہ استعفے دینے کا آپشن بھی موجود ہے اور اس پر پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں کی مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا جبکہ اسلام آباد میں دھرنا دینے کا فیصلہ بھی 31جنوری کو ہونے والے پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں کیا جائے گا، پبلک اکائونٹس کمیٹی نے گزشتہ اڑھائی سالوں کے دوران پاکستا ن کی تاریخ کی ریکارڈ 5ارب روپے ریکوری کی ہے جبکہ اسکے مقابلہ میں نیب نے تمام ہتھکنڈے استعمال کرنے کے باوجود ساڑھے 4 ارب روپے کی رقم وصول کی ہے،عمران خان عوام کو کچھ بھی ڈیلور نہیں کرسکے جبکہ جمہوری ممالک میں عوامی بے چینی اور احتجاج پر حکومتیں مستعفی ہوجاتی ہیں، وزیر اعظم اس قدر ڈھیٹ ہوچکا ہے کہ اسے اب کسی چیزکی کوئی پرواہ نہ ہے، مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں بجلی اور گیس کے بحران نے عوام کی زندگیاں اجیرن بنا دی ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نواز لیگ کے ڈویژنل جنرل سیکرٹری پیر سید اشرف رسول ایم پی اے کے ہمراہ یہاں مرکزی انجمن تاجران کے صدر امجد

نذیر بٹ کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر رکن پنجاب اسمبلی میاں عبدالرف، حاجی طارق محمود ڈوگر، رانا خلیل احمد گادی، بینش قمر ڈار، فاروق انور بٹ اور دیگر موجود تھے، رانا تنویر حسین ایم این اے نے کہا کہ نوازلیگ سینیٹ کے انتخابات میں بھرپور حصہ لے کر مطلوبہ ہدف سے زیادہ نشتیں جیتے گی ہم حکومت کیلئے کوئی میدان کھلا نہیں چھوڑیں گے اور انہیں ٹف ٹائم دینے کیلئے جمہوری راستہ استعمال کریں گے، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اپوزیشن پر بار بار حکومت گرانے کا الزام لگا رہے ہیں یہ ان کی بوکھلاہٹ او ر گھبراہٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے، وزیر اعظم کو کس نے روکا ہے کہ وہ 50لاکھ لوگوں کو گھر اور ایک کروڑ لوگوں کونوکریاں نہ دے، مہنگائی کو کنٹرول اور بجلی و گیس کے بحران کو حل نہ کرے، وزیر اعظم اگر بااختیار ہیں تو پھر فیصلے کہیں اور سے کیوں ہورہے ہیں، انہوں نے کہا کہ پی اے سی براڈ شیٹ میں اگر کوئی فراڈ پائے گی تو ذمہ داروں کا احتساب کرے گی، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگرچہ مذاکرات جمہوریت کا حصہ ہیں تو خود حکومت کے غیر ذمہ دارانہ غیر سنجیدہ اور جارحانہ طرز عمل نے مذاکرات کے دروازے بند کئے ہیں اب وزیر اعظم کے ساتھ مذاکرات نہیں ہوسکتے، انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف حکومت کا بیانیہ دن بدن کمزور اور اپوزیشن کا

بیانیہ مضبوط ہوتا جارہا ہے نیب کسی بھی اپوزیشن رہنما کی ایک پائی کی کرپشن ثابت نہیں کرسکی،موجودہ حکومت نے کرپشن کی ڈگری اور اداروں میں سیاست مداخلت اور بڑھ گئی ہے جس کی وجہ سے عوام کے مسائل حل ہونے کی بجائے مزید گھمبیر ہوتے جارہے ہیں اب اپوزیشن ایسی حکمت عملی تیار کررہی ہے جس سے حکمرانوں کو مزید اقتدار میں رہنے کا موقع نہ مل سکے کیونکہ اس وقت ملکی معیشت تباہی کے دھانے پر کھڑی ہے اور حکومت کورونا کے پیچھے چھپنے کی کوشش کررہی ہے مگر پی ڈی ایم نے حکومت کو عوام کے سامنے بے نقاب کردیاہے، انہوں نے بتایا کہ پبلک اکائونٹس کمیٹی نے 19جنور ی کو آڈیٹر جنرل کو طلب کرلیا ہے نیب کا نمائندہ بھی براڈ شیٹ پر انکوائری رپورٹ پیش کرے گا یہ کمیٹی براڈ شیٹ کے معاملے پراپنی انکوائری رپورٹ منظر عام پر لائے گی، انہوں نے حکومت کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کو بھی عوام دشمن فیصلہ قرار دیا اور کہا کہ نااہل اور نالائق حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے ملک کے اندر بے یقینی کی صورتحال پیدا ہونے کے ساتھ سیاسی و معاشی عدم استحکام بھی بڑھ رہا ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close