ایک اور سینئر کامیڈین آفتاب اقبال کو چھوڑ کر آغا ماجد کے کیمپ میں جا پہنچے

اسلام آباد(پی این آئی ) نجی نیوز چینلز پر سیاسی کامیڈی شوز کرنے والے آفتاب اقبال نے پنجابی اسٹیج کے اداکاروں کو اپنی ٹیم میں شامل کرلیا تھا، مگر ان کے اپنے چینل کے بند ہونے کے بعد اس ٹیم میں دراڑ پڑی اور مشہور کامیڈین آغا ماجد ان کو چھوڑ کر چلے گئے۔

کچھ عرصے بعد ہنی البیلا نے بھی آفتاب کو چھوڑ کر آغا ماجد کو جوائن کرلیا، اس کے بعد جیسے ہی ہنی البیلا آفتاب اقبال کی ٹیم میں واپس گئے وہاں سے سلیم البیلا نے چھوڑ ا اور آغا ماجد کے کیمپ میں شامل ہوگئے۔ایک یوٹیوب چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے سلیم البیلا نے آفتاب اقبال کی ٹیم کو چھوڑنے کی خبرکی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جی بالکل میں نے چھوڑ دیا ہے، کوئی خاص وجہ نہیں ہے بس ایسے ہی چھوڑدیا ہے۔اس حوالے سے آفتاب اقبال کی ٹیم کے ایک کامیڈین ببو رانا نے ایک ویڈیو میں کہا کہ آغا ماجد، ہنی البیلا اور سلیم البیلا کے درمیان ایک پروفیشنل جیلسی ہے جوکافی عرصے سے چل رہی ہے، کچھ عرصہ قبل آغا ماجد، ہنی البیلا ، روبی انعم اور ایوب مرزا نے وصی شاہ کے ہمراہ ایک شو شروع کیا، مگر ہنی البیلا کے آفتاب اقبال کے ساتھ معاملات ٹھیک ہوئے تو انہوں نے اس شو کو چھوڑ دیا۔ببو رانا نے مزید کہا کہ مجھے ایسا لگتا ہے کہ یہاں آغا ماجد نے اپنا کردار ادا کیا اور سلیم البیلا کو باتوں میں الجھایا اور کہا کہ میں تمہاری دیہاڑی لگواتا ہوں، کچھ حالات تھے کچھ آفر نے کام دکھایا تو سلیم البیلا کو آفتاب اقبال کی ٹیم سے آغا ماجد نے اڑا لیا۔اب ہم ایک پرانے چینل پر نئے شو میں جارہے ہیں مجھے امید ہے کہ ہماری ٹیم دوبارہ سے ایک ہوسکتی ہے کیونکہ اس طرح کا جیسا شو آفتاب اقبال بناسکتے ہیں کوئی اور نہیں بناسکتا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close