ملک بھر میں ہونیوالا بجلی کا بریک ڈائون، دو اہم ترین وزرا سے استعفیٰ طلب کر لیا گیا

لاہور (پی این آئی) ملک گیر ہونے والے طویل بجلی بریک ڈاون کے خلاف مسلم لیگ(ن) نے وفاقی وزراء عمر ایوب خان اور فیصل واوَڈا کے استعفوں کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کلے مطابق ن لیگ کی طرف سے وفاقی وزراکے استعفوں کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروادی گئی ، قرارداد مسلم لیگ(ن)

کی رکن سمیرا کومل کی جانب سے جمع کرائی گئی جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وفاقی وزیر عمر ایوب اور فیصل واوڈا فوری طور پر مستعفی ہوں جب کہ ملک گیر طویل بجلی بریک ڈاوَن کی تحقیقات کےلیے کمیشن قائم کیا جائے ، تحقیقاتی کمیشن فرائض میں غفلت بھرتے والے افراد کو تعین کرے اور تحقیقاتی کمیشن ایک ہفتے میں اپنے رپورٹ پبلک بھی کرے۔دوسری طرف بجلی کے ملک گیر بریک ڈاؤن کی وجوہات جاننے کے لیے کمیٹی نے ابتدائی رپورٹ وزارت توانائی کو پیش کر دی،ابتدائی رپورٹ میں اہم انکشافات کیے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق سی ای او گدو پاور حماد عامر ہاشمی نے انکوائری کمیٹی بنائی جس نے مختلف لوگوں کے انٹرویو کیے۔اس دوران اولڈ گدو پاور پلانٹ کی پوری شفٹ غفلت کی مرتکب پائی گئی۔ بریک ڈاؤن گدو پاور پلانٹ کے اولڈ یونٹ میں عملے کی طرف سے غلط آپریشن کے باعث ہوا۔600 میگا واٹ کے گدو پاور پلانٹ کے اولڈ یونٹ سے بلوچستان کو بجلی سپلائی کی جاتی ہے۔غلط سوئچنگ سے ٹرانسمیشن لائن میں خرابی پیدا ہوئی اور این ڈی ٹی سی کا ٹرانسمیشن سسٹم ٹرپ کر گیا۔سینٹر پاور جنریشن کمپنی گدو پاور پلانٹ کے سی ای او حماد عامر ہاشمی سے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انکوائری کمیٹی دو روز میں اپنی رپورٹ مکمل کرے گی۔واضح رہے کہ بجلی کے ترسیلی نظام میں فریکوینسی اچانک 50سے 0 پر آنے کی وجہ سے ملک میں بجلی کا بلیک آؤٹ ہوا۔ پاورڈویژن کے مطابق فریکونسی گرنے کی وجہ جاننے کی

کوشش کی گئی۔بلیک آؤٹ کے بعد تربیلا کو چلانے کی کوشش ہو تی ر ہی تاکہ ترتیب وار بجلی کا نظام بحال کیا جائے گا. پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد‘لاہور‘کراچی‘کوئٹہ اور پشاور سمیت تقریبا ملک کے تمام بڑے شہروں میں بجلی کی بندش ہوئی۔ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق کراچی میں گلشن اقبال، یونیورسٹی روڈ، بفرزون، لیاقت آباد، تین ہٹی، ایف بی ایریا، سرجانی ٹاؤن اختر کالونی، لیاری سمیت کئی علاقوں میں رات گئے بجلی منقطع ہوگئی اور اندھیرا چھا گیا اسی طرح لاہور میں بجلی کی مین ٹرانسمیشن لائنیں ٹرپ کر گئیں جس سے تقریبا پورا شہر اندھرے میں ڈوب گیا‘بریک ڈاؤن کے باعث دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے دیگر شہروں فیصل آباد، گوجرانوالہ، رحیم یارخان، بہاولپور، کوئٹہ اور پشاور میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی.بجلی کئی گھنٹوں کے بعد بحال ہوئی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close