سینیٹ انتخابات قبل اَز وقت کروائے گئے توکیا ہو گا؟ بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ نے حکومت کو خبردار کر دیا

تیمرگرہ(پی این آئی)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کی اب تک کی کارکردگی ناکامیوں سے عبارت ہے،مہنگائی کےعذاب سےعوام بے حال،مافیاز قوم کو معاف کرنے کو تیار نہیں،وزیراعظم سے وابستہ قوم کی امیدیں ناامیدی میں تبدیل ہو گئی ہیں، ان کا ایک ہفتے بعد کوئٹہ کا دورہ

کرنے کا فیصلہ غیر دانشمندانہ اور پوری دنیا میں ملک کے لیے شرمندگی کا باعث بنا، پی ڈی ایم کا اپنا ایجنڈا اور اپنے سیاسی مقاصد ہیں،جماعت اسلامی اپنے طریقہ کار کےمطابق حکومت کے خلاف مہم چلا رہی ہے ،سینیٹ انتخابات قبل اَز وقت کروائے گئے تو ہوسکتاہے قومی اسمبلی کے الیکشن بھی پہلے ہو جائیں ۔ تیمر گرہ میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئےسینیٹر سراج الحق نے کہاکہ نئے سال کے آغاز کے پہلے ہفتے میں بنیادی ضرورت کی 22 اشیاءاور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہواہے جو کہ پی ٹی آئی کی حکومت کی طرف سے عوام کو سال کا پہلا تحفہ ہے ،ایسا دکھائی دیتاہے کہ حکومت اور مافیاز کسی بھی صورت میں غریبوں کو معاف کرنے کے لیے تیار نہیں ،اشرافیہ اس ملک او ر اس کی عوام سے کون سا بدلہ لینا چاہ رہی ہے؟یہ پتا لگانا مشکل ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ برسہا برس سے پاکستان کے ریسورسز کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جارہاہے،ملک کی اسی فیصد آبادی کو پینے کا صاف پانی تک حاصل نہیں،غریب کا بچہ سکول نہیں جارہا ، سکولوں کالجز میں رائج نصاب تعلیم بوسیدہ ہے، تعلیمی نظام کو بدلنے کے دعوے ہوائی ثابت ہوئے،عوام کے لیے صحت کی سہولتیں نایاب ہو گئی ہیں،بدحال معیشت نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کردیاہے،اشرافیہ اپنی جیبیں بھرنے میں مصروف جبکہ مزدور اور کسان بنیادی ضروریات کی تکمیل کے لیے در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکمران عوام پر رحم کریں اور اشیائے خوردو نوش کی قیمتوں میں کمی کی جائے،اداروں میں ریفارمز لانے کے لیے تدبیر ہونی چاہیے ، تحریک انصاف کی حکومت نے گزشتہ

ڈھائی سال میں عوام کی فلاح کا ایک بھی بڑا منصوبہ بھی متعارف نہیں کروایا ، یہ کہنے میں کو ئی عار نہیں کہ حکومت کی اب تک کی کارکردگی صرف ناکامیوں سے عبارت ہے ۔امیرجماعت اسلامی نے کہاکہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا اپنا ایک ایجنڈا اور اُن کےاپنےمقاصدہیں،جماعت اسلامی اپنےطریقہ کارکےمطابق حکومت کے خلاف مہم چلا رہی ہے،اس تحریک کےپہلے فیز میں صوبہ کے پی میں جلسے کیےگئےجبکہ دوسرے فیز میں پنجاب میں جلسے جاری ہیں،سرگودھا میں بڑا عوامی اجتماع ہوگا۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت میں فیصلے کون کر رہاہے کسی کو کچھ علم نہیں،ایک کنفیوژن کی فضا قائم ہے اور عوام پریشان ہیں،انتخابی ریفارمز کے لیے سیاسی جماعتوں کو آپس میں ڈائیلاگ کرنے کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں