لاہور (پی این آئی )ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر)صفدر نے ضلع کچہری کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت ایک دو ماہ میں ختم ہو جائے گی ، ان کو تو یقین ہی نہیں تھا کہ انہیں حکومت مل جائے گی ۔لاہور کی ضلع کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ حافظ نفیس نے کیپٹن (ر) صفدر
کے خلاف اشتعال انگیز تقریر اور اداروں کے خلاف بیانات کے کیس پر سماعت کی ، عدالت نے پراسیکیوشن کو دلائل کیلئے طلب کر لیا، عدالت نے کیپٹن صفدر کو حاضری لگا کر جانے کی اجازت دیدی ہے ۔دوران سماعت کیپٹن صفدر کے وکیل نے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے دائر استغاثہ پر دلائل دیئے ۔وکیل فرہاد شاہ نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ مقدمہ میں ایف آئی آر کے وقت صرف ایک دفعہ 16 ایم بی او شامل تھی لیکن اب یہ 124 اے اور 506 بی دھمکیاں دینے کی دفعات کیسے شامل کر لی گئیں ، پراسیکیوشن نے یہ دفعات قانون کے خلاف لگائی ہیں ۔عدالت پیشی کے موقع پر کیپٹن صفدر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شریف خاندان گرفتاریوں سے گھبرانے والا نہیں ،میاں شریف نے بھی خود کو گرفتاری کیلئے پیش کیا تھا ،یہ حکومت ایک دو ماہ میں ختم ہو جائے گی ، اب نیب کو جرات نہیں ہور ہی کہ مولانا فضل الرحمان کو نوٹس بھیجے ،ان کو تو یقین ہی نہیں تھا کہ 2018 میں انہیں حکومت مل جائے گی ،یہ رات کو سوئے تھے اور ان کو جگا کر بتایا کہ آپ کی حکومت آ گئی ہے ۔ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر)صفدر نے ضلع کچہری کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت ایک دو ماہ میں ختم ہو جائے گی ، ان کو تو یقین ہی نہیں تھا کہ انہیں حکومت مل جائے گی ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں