کراچی (پی این آئی) سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں اضافہ کر دیا گیا، سندھ حکومت نے صوبے کے سرکاری ملازمین کیلئے یوٹیلٹی الاونس کی فراہمی کے ذریعے تنخواہ میں اضافہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی جانب سے صوبے کے سرکاری ملازمین کو بڑی خوشخبری سنائی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے کے سرکاری ملازمین کو یوٹیلٹی الاؤنس دینے کی منظوری دے دی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر چیف سیکریٹری سندھ کو وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ سے تحریری حکم نامہ بھیج دیا گیا۔ یوں صوبے کے سرکاری ملازمین کو آئندہ مالی سال کے بجٹ سے قبل ہی یوٹیلٹی الاؤنس کی صورت میں تنخواہوں میں اضافہ مل گیا ہے۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سرکاری ملازمین کو یوٹیلٹی الاؤنس قوانین کے تحت دیا جائے۔واضح رہے کہ سندھ حکومت ملک کی واحد صوبائی حکومت ہے جس نے رواں مالی سال کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کا اعلان کیا تھا۔ دوسری جانب وفاقی حکومت کی جانب سے بھی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے پر غور کیا جا رہا ہے۔ حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ سے قبل ہی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کیلئے غور شروع کر دیا ہے۔کچھ ہفتے قبل ملک بھر کے سرکاری ملازمین نے رواں مالی سال کے بجٹ میں تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ نہ کیے جانے کے بعد پارلیمنٹ ہاوس کے باہر دھرنا دیا تھا۔ سرکاری ملازمین نے مطالبہ کیا تھا کہ معاشی حالات بہت خراب ہو چکے، لہذا تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کیا جائے۔ حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کے مطالبات پر غور کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی تھی، جس کے بعد احتجاج کی کال 12 جنوری تک موخر کر دی گئی تھی۔ اب حکومت نےسرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کیلئے سر جوڑ لیے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں