کورونا وبا کے دورا ن مقابلہ کرنے والے، فرنٹ لائن ورکرز، ہیلتھ پروفیشنلز کو ہیرو قرار دے دیا گیا

اسلام آباد(آئی این پی) معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ ہمارے ہیلتھ ورکرز کی عزت اس لیے ہے کہ وہ اپنے آپ کو خطرے میں ڈال کر آگے آئے۔وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی تقریب کا مقصد ہیلتھ کئیر

ورکرز کا شکریہ ادا کرنا ہے، فرنٹ لائن ورکرز اور ہیلتھ پروفیشنلز ہمارے ہیرو ہیں، کورونا وائرس کی وبا کی روک تھام میں ان کا کردار مثالی ہے، حکومت ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور فرنٹ لائن ورکرز کی زندگیوں کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتی ہے۔ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ دنیا محوِ حیرت تھی کہ ایک ترقی پزیر ملک نے کورونا کو اتنے بہتر طریقے سے کیسے نمٹا، شروع میں دنیا کو شکوک و شہبات ہوئے بعد میں واضع ہوگیا، سب سے اہم چیز ایک مربوط ریسپونس تھا، ریسپونس میں سائنس اور ڈیٹا کے اوپر انحصار کا بڑا اہم کردار رہا جب کہ ہیلتھ کئیر ورکرز کی تیاری ایک آسان کام نہیں رہا۔وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ ڈاکٹر ایک مقدس پیشہ ھے ان کا احترام پورا معاشرہ کرتا ہے، دنیا بھر میں 25 سال کا نوجوان جب ڈاکٹر بنتا ہے 80 سال کا آدمی اسے ڈاکٹر صاحب بولتا ہے، ہمارے ہیلتھ ورکرز کی عزت اس لیے ہے کہ وہ اپنے آپ کو خطرے میں ڈال کر آگے آئے اور ہمارے ڈاکٹرز کی جانب سے اس وبا کے دوران جانوں کی قربانیاں بھی دی گئیں، آج آپ سب کو خراجِ تحسین پیش کرنا چاہتے ہیں۔ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ وہ معاشرے جو اپنے کمزور طبقے کا خیال رکھتے ہیں وہ ہی اوپر اٹھتے ہیں، کمزور طبقات کیلئے حکومت صحت کارڈ فراہم کر رہی ہے، یہ سب اس لیے کیا کہ ہمارے لوگوں کو بہتر سہولیات میسر

آسکیں، آپ سب کو شاباش! کے علاوہ کچھ نہیں کہا جاسکتا، اگر صحت عامہ کسی ملک کی ترجیع نہیں تھی تو اس وبا کے بعد سب کو اندازہ ہوچکا ہوگا یہ کتنی اہم ہے، ہم نے ہمارے اداروں کو مزید بہتر اور فعال بنانا ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں