حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، پاکستان اسٹیل مل کی نجکاری کا عمل آخری مراحل میں داخل

لاہور (پی این آئی) پاکستان اسٹیلز مل کی بحالی کے حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے،اسٹیل مل کی نجکاری کا عمل آخری مراخل میں داخل ہو گیا ہے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان اسٹیل مل کی نجکاری کا عمل آخری مراحل میں ہے، جون 2021ء تک اسٹیل مل کی نجکاری مکمل کر لی جائے گی۔اس

حوالے سے نجی ٹی وی کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے اسٹیل مل کی نجکاری کے تمام معاملات فائنل ہو چکے ہیں، اور رواں برس کے وسط میں ملکی ادارے کی نجکاری کردی جائے گی۔واضح رہے کہ اس سے قبل ریویو کمیٹی برائے نجکاری کے اجلاس کے دوران وزیر نجکاری میاں محمد سومرو کا کہنا تھا کہ اداروں کی نجکاری کے حوالے سے معاملات زیر غور ہیں۔ پاکستان اسٹیل ملز کی نجکاری میں حائل مسائل کے حل کیلئے وزارت صنعت و پیداوار سے مشاورت جاری ہے ،وزیر نجکاری نے کہاکہ نجکاری معاملات کی ترجیحی بنیادوں پر پیروی کررہے ہیں، پاور پلانٹس، کنونشن سنٹر ، سروسز انٹرنیشنل ہوٹل، ہائوس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کی نجکاری کرنے کی کوشش ہے۔انہوںنے کہاکہ اداروں کی بحالی اور معاشی استحکام موجودہ حکومت کے منشور کا بنیادی نقطہ ہے، نجکاری معاملات نہایت سوچ بچار اور ملکی مفاد کو مد نظر رکھ کر کر رہے ہیں۔ قرضوں کی ادائیگی اور غربت کے خاتمے کے لئے نجکاری محصولات کا اہم کردار ہے۔ خیال رہے کہ خسارے کے باعث نومبر 2020 کے آخر میں پاکستان اسٹیل نے گروپ 2،3،4 اور جوز کے ملازمین کو برطرف کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ جس کے بعد ترجمان اسٹیل ملز نے کہا تھا کہ فارغ ہونے والے ملازمین کی فہرستیں تیار کر لی گئی ہیں ۔ تمام افراد کو بذریعہ ڈاک برطرفی کے نوٹسز بھجوائے جائیں گے ۔ ترجمان پاکستان اسٹیل مل کا کہنا تھا کہ گروپس میں ٹیچرز، ڈرائیورز، کچن اسٹاف، منیجرز سمیت مختلف شعبوں کے افراد شامل ہیں ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close