آئندہ تعلیمی سال سے سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں میں یکساں نصاب تعلیم نافذ کردیا گیا، نوٹیفیکیشن جاری

لاہور (پی این آئی) صوبہ پنجاب کے سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں میں یکساں نصاب تعلیم نافذ کردیا گیا ، آئندہ تعلیمی سال میں پہلی تا پانچویں جماعت تک یکساں نصاب رائج کرنے کا نوٹی فیکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی منظوری کے بعد صوبہ پنجاب میں نئے تعلیمی سال

سے سنگل نیشنل کریکولم نافذ کر دیا گیا ، ایم ڈی بورڈ ڈاکٹر فاروق احمد نے نئے نصاب کے نفاذ کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا ، جس کے ساتھ ساتھ ٹیکسٹ بک بورڈ نے یکساں نصاب کے ساتھ ماڈل کتابوں کا بھی اجراء کر دیا ، ان کتابوں کے نمونوں کی بنیاد پر مزید کتب تیار کی جائیں گی۔اس ضمن میں مزید بتایا گیا ہے کہ صوبہ پناجب میں نرسری تا پانچویں کا نصاب تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں اور دینی مدارس میں نافذ العمل ہوگا ، اس ضمن میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز تمام سکولوں میں ایس این سی کو نافذ کرنے کی پابند ہوں گی۔ دوسری طرف صوبہ پنجاب میں تعلیمی ادارے 18جنوری سے کھولنے کا اعلان کردیا گیا۔ صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے کہا ہے کہ صوبے میں نویں ، دسویں ، گیارہویں اور بارہویں کلاسیں 18 جنوری سے کھولی جائیں گی۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے بتایا کہ 8 ہویں جماعت تک کی کلاسوں کا آغاز 25جنوری سے کیا جائے گا جب کہ پنجاب میں یونیورسٹیاں یکم فروری سے تدریسی عمل کا آغاز کریں گی۔صوبائی وزیر تعلیم کے مطابق تعلیمی ادارے کھلنے کے بعد پہلے کی طرح 50 فیصد طلباء ایک دن اور باقی 50 فیصد دوسرے دن تعلیمی اداروں میں آئیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close