کرک مندر پر حملہ کا مقصد اسلام اور پاکستان کو بدنام کرنا تھا‘ طاہر محمود اشرفی

لاہور( این این آئی )کرک مندر پر حملہ کا مقصد اسلام اور پاکستان کو بدنام کرنا تھا، پاکستانی فوج اور قوم نے مل کر دہشتگردی کو شکست دی ہے ، مچھ میں بے گناہ ہزارہ برادری کے افراد کا قتل افسوسناک ہے ، وطن عزیز پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کیلئے افواج پاکستان اور سلامتی کے اداروں کے خلاف پراپیگنڈہ

مہم چلائی جا رہی ہے ، محرم الحرام اور اس کے بعد فرقہ وارانہ فسادات کی سازشوں کو ناکام بنایا ہے ، سیاسی و مذہبی قائدین کو تمام مسائل کے حل کیلئے مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا چاہیے ،عرب اسلامی ممالک کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات مزید بہتر ہو رہے ہیں، سعودی عرب سمیت دیگر عرب اسلامی ممالک کے ساتھ بھی معاشی ، اقتصادی ، دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھ رہا ہے ، پاکستان دنیا اسلام کی اہم طاقت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین پاکستان علما کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے لاہور میں جامعہ مسجد عثمان کے افتتاح کے موقع پر علما و مشائخ اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کی طرز کی ریاست کیلئے حقوق العباد کی ادائیگی ، انصاف اور احتساب کی بالادستی ضروری ہے ، ریاست مدینہ صرف حکومت یا عمران خان نہیں بنا سکتے ، تمام طبقات کو اس کیلئے تعاون اور جدوجہد کرنی ہو گی ، انہوں نے کہا کہ کرپشن ہر شعبہ میں آ چکی ہے ،مساجد کو کمیونٹی سینٹر بنانا ہوگا جہاں سے حقوق العباد کی ادائیگی کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ مدارس و مساجد قوم و ملک کی خدمت کر رہے ہیں ، مدارس و مساجد کی آزادی کو کوئی سلب نہیں کر نے جا رہا ہے ، مدارس کو وزارت تعلیم کے ساتھ منسلک

کرنا موجودہ حکومت کا کارنامہ ہے ، وقف املاک بل کے حوالہ سے تمام جائز تحفظات کو دور کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ انٹر فیتھ ہارمنی کونسلز کیلئے کونینئر بنائے جا رہے ہیںاور جلد مرکز اور صوبوں میں اس کی تشکیل ہو گی۔ کرک مندر پر حملہ کا مقصد حکومت ، وطن اور اسلام کو بدنام کرنا تھا۔ مندر پر حملے کے مجرمین گرفتار ہو چکے ہیں اور مندر کی تعمیر نو ہندو برادری کی مشاورت کے ساتھ شروع کرنے کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں۔ انہوں نے مچھ میں ہزارہ برادری کے افراد کے قتل کو پاکستان دشمن قوتوں کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی خفیہ ادارے عالمی دہشت گرد اور انتہا پسند تنظیموں کے ذریعے اسلامی دنیا بالخصوص پاکستان اور افغانستان میں بد امنی پھیلانے کی سازشیں کر رہے ہیں ، عالمی دنیا کو ہندوستان کی ان سازشوں اور کاروائیوں کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close