اسلام آباد(آن لائن)ملک بھرمیں تعلیمی ادارے 25جنوری سے مر حلہ وارکھولے جانے کا امکان ہے ، تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ ہیلتھ ایڈوائزری کی بنیادپرکیاجائیگا ۔ ذرائع کے مطابق 4جنوری(پیر کو ) بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس میں فیصلہ ہوگا ۔اجلاس وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت ہوگا
اور چاروں صوبوں کے وزرائے تعلیم اس کانفرنس میں شریک ہونگے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے تعلیمی ادارے3مراحل میں کھولنے کی تجویز دی ہے ۔پہلے مرحلے میں پرائمری اسکولز 25جنوری سے کھولنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں 4 فروری سے مڈل اورسیکنڈری اسکولزکھولنے کی تجویز ہے ۔تیسر ے مرحلے میں اعلیٰ تعلیمی ادارے کھولنے کی تجویز دی گئی ہے ۔ ملک بھرمیں امتحانات مئی کے آخریاجون کے شروع میں کرانے کی تجویز سامنے آئی ہے ۔ اس سے قبل اکیڈمک کورس ورک کی تکمیل کرلی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق ملک بھر کے چاروں صوبوں میں تعلیمی ادارے دوبارہ کھولنے کا فیصلہ ہیلتھ ایڈوائزری کی بنیاد پر کوویڈ کیسز کو سامنے رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اگر کوویڈ کی صورتحال بدستور خراب رہی تو 19 جنوری کو دوبارہ بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس بلاکر اس پر غور اور رد بدل کیا جاسکتا ہے۔ گرمیوں کی تعطیلات کا دورانیہ کم کیا جائے گا اور نیا تعلیمی سال 2021 اگست سے شروع کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث تقریبا اڑھائی ماہ تک کھلے رہنے کے بعد ملک بھر کے تعلیمی ادارے 26 نومبر2020 سے دوبارہ بند کیے گئے تھے۔ تعلیمی اداروں کو 10 جنوری تک بند رکھنے کے بعد 11 جنوری سے کھولنے کا اعلان کیا گیا تھا۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں